چینی شہری سارا دن سڑک پر ٹریفک روک کر سونا اکٹھا کرتے رہے، شام کو حقیقت سامنے آئی تو شرم سے پانی پانی ہو گئے

چینی شہری سارا دن سڑک پر ٹریفک روک کر سونا اکٹھا کرتے رہے، شام کو حقیقت سامنے ...
چینی شہری سارا دن سڑک پر ٹریفک روک کر سونا اکٹھا کرتے رہے، شام کو حقیقت سامنے آئی تو شرم سے پانی پانی ہو گئے

  

بیجنگ(نیوز ڈیسک) چینی شہر میان کاﺅنٹی میں سنگ سنگ روڈ پر سونے کی بارش کی خبر نے سارے شہر میں کھلبلی مچادی اور سیکڑوں، ہزاروں کی تعداد میں لوگ سونے کے ننھے ٹکڑے جمع کرنے کیلئے پہنچ گئے مگر حقیقت معلوم ہونے پر ان بیچاروں کی شرمندگی کی انتہا نہ رہی۔

جریدے ’میل آن لائن‘ کے مطابق صبح 6بجے کے قریب یہ خبر پھیلی کہ سنگ سنگ روڈ اور سٹیٹ روڈ 108کے چوراہے پر سڑک سونے کے ٹکروں سے بھری پڑی ہے۔ شہری بڑی تعداد میں سڑک پر جمع ہوگئے اور چمکتے زرات کو اکٹھا کرنے لگے، سڑک پر لوگوں کا اتنا بڑا ہجوم جمع ہوگیا کہ کئی گھنٹوں تک ٹریفک مکمل طور پر معطل رہی۔

سارا دن گزرنے کے بعد ایک مقامی فیکٹری نے حقیقت کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ایک ٹرک سے سلفر دھات کی بڑی مقدار سڑک پر گری تھی اور اسے لوگوں نے غلطی سے سونے کے زرات سمجھ لیا تھا، سلفر کی رنگت سونے جیسی ہوتی ہے اور اس کے کرسٹل دھوپ میں چمکتے ہیں تو قیمتی دھات جیسے ہی نظر آتے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق علاقے میں صفائی پر مامور خاکروبوں نے سونا اکٹھا کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سڑک کو صاف کرکے شیشے کی طرح چمکا دیا تھا اور انہیں صفائی کا کام نہیں کرنا پڑا۔

مزید : ڈیلی بائیٹس