علماء کرام عقیدہ ختم نبوت کے ساتھ نظریاتی سرحدو ں کے محافظ ہیں،زاہد الراشدی

علماء کرام عقیدہ ختم نبوت کے ساتھ نظریاتی سرحدو ں کے محافظ ہیں،زاہد الراشدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے جدوجہدکرنے والے علماء اور کارکن ملک کی نظریاتی سرحدوں کاتحفظ کر رہے ہیں۔ پاکستان شریعت کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا قاری جمیل الرحمن اختر کے ہمراہ مرکز عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کادورہ کرتے ہوئے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستمبرکا مہینہ جہاں ہمیں ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یا د دلاتا ہے وہاں عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والے علماء کرام اورکارکنوں کی یاد بھی تازہ ہوتی ہے اور حسن اتفاق بلا وجہ نہیں ہے کہ 6ستمبرکو پاکستان کا یوم دفاع منایا جاتا ہے جبکہ 7ستمبر کو یوم فضائیہ اور یوم ختم نبوت منائے جاتے ہیں اورملک کی عسکری افواج اور دینی کارکن پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں اور نظریاتی تشخص کے تحفظ کے لیے ایک پیج پردکھائی دیتے ہیں ۔انہوں نے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی جدوجہد اورخدمات پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امیرشریعت سید عطا ء اللہ شاہ بخاری ؒ یہ قافلہ مسلمہ اسلامی عقائد کے تحفظ اور منکرین ختم نبوت کے تعاقب کی تحریک میں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے اور ہر مسلمان کو اس سے تعاون کرنا چاہیے،اس موقع پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی،مولانا عبدالنعیم،مولانا محبوب الحسن طاہر اورمولاناخالدعابد بھی موجود تھے۔دریں اثناء مولانا زاہد الرشدی اور مولانا قاری جمیل الرحمن اخترنے مدرسۃ الفیصل ماڈل ٹاؤن لاہور میں بزرگ عالم دین شیخ الحدیث پروفیسر مولانا محمد یوسف خان کی اہلیہ محترمہ کی وفات پر ان سے تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔