شہری موضع جات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا آغاز کر دیا گیا،رانا ارشد

شہری موضع جات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا آغاز کر دیا گیا،رانا ارشد

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) مشیر وزیر اعلی پنجاب رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے دیہی مواضعات کے اراضی ریکارڈ کمپیو ٹرائزیشن کی تکمیل کے بعد منصوبے کے اگلے مرحلے کے تحت پنجاب کے شہری مواضعات کے اراضی ریکارڈ کی کمپیو ٹرائزیشن اورالیکٹرانک نقشہ جات کے منصوبہ جات کی تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تیاری اورعملدرآمد سے متعلق پیشہ ورانہ بین ا لاقوامی طریقہ کار اور تجربات کی روشنی میں ماہرین سے تجزیہ و مشاورت حا صل کر لی گئی ہے۔ پنجاب کے عوام کو اراضی ریکارڈ کی شفاف اور با سہولت خدمات کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ ، چیف سیکر ٹری ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے پنجاب کی تمام 143 تحصیلوں میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹر کے ذریعے لاکھوں مالکان اراضی کو 30منٹ میں کمپیوٹرائزڈ فرد اور 90 منٹ میں انتقال اراضی کی کمپیوٹرائز خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔ ریکارڈ کے باسہولت اور شفاف کمپیوٹرائز نظام پر عوام کے بھر پور اعتماد کے باعث سنٹرز سے ریکارڈ سے متعلقہ فرد کے حصول ، اراضی لین دین / انتقال کیلئے مالکان اراضی کا بڑھتا ہوا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اراضی سنٹرز سے جون 2015 ؁ میں 92,200 کمپیوٹرائز فرد کے اجراء اور 31,435 انتقالات کی تصدیق سے 37 کروڑ سے زائد (374,945,023) رقم حکومتی خزانہ میں جمع کی گئی ۔ جبکہ اس کے مقابل جون 2016 ؁ میں 155,314 کمپیو ٹرائز ڈفردات کے اجراء اور 61,425 تصدیق انتقالات کی بدولت77کروڑ سے زائد (776,972,352) رقم جمع کر لی گئی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -