اساتزہ نجکاری کیخلاف کل سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دینگے

اساتزہ نجکاری کیخلاف کل سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دینگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (خبرنگار) سرکاری سکولوں کی نجکاری اور اساتذہ کی اَپ گریڈیشن نہ کرنے پر اساتذہ نے ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جس میں کل سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کر کے احتجاجی تحریک شروع کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے آل اساتذہ الائنس پنجاب کے صدر صوفی رمضان انقلابی نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کی نجکاری ہر گز نہیں ہونے دی جائے گی، حکومت نے نجکاری کے سلسلے کو بند نہ کیا تو اساتذہ مجبوراً سڑکوں پر رہنے کے علاوہ تعلیمی بائیکاٹ اور ایوان وزیر اعلیٰ کے سامنے بھی دھرنا دینگے۔ انہوں نے گزشتہ روز ’’پاکستان‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں کی نجکاری تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے کی سازش ہے اس سے بڑے پیمانے پر اساتذہ بے روزگا ہو جائیں گے جبکہ سرکاری سکولوں میں انرولمنٹ نہیں ہو سکے گی اوپرائیویٹ سیکٹر کو تقویت ملے گی جس سے اساتذہ میں بددلی پھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی اساتذہ کے پے سکیلوں کو اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا اب اساتذہ کو پرموشن دینے اور کئی سالوں سے روکی ہوئی سہولتوں کو بحال کرنے کی بجائے ان سے تعلیمی ادارے چھینے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب کا نعرہ لگایا جا رہا ہے تو دوسری طرف سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ کیا جا رہا ہے۔ حکومت کا یہ دوہرا معیار محکمہ تعلیم اور تعلیم کے شعبہ پر ایک وار سے کم نہیں ہے۔ جس کے خلاف اساتذہ کی تنظیموں نے کل سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔