علماء کرام کتاب و سنت کی دعوت عام کرنے کیلئے ذمے داری پوری کریں،عبدالغفار روپڑی

علماء کرام کتاب و سنت کی دعوت عام کرنے کیلئے ذمے داری پوری کریں،عبدالغفار ...

لاہور(نمائندہ خصوصی )علماء کرام کتاب و سنت کی دعوت کو عام کرنے کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ جہالت کے خاتمے کیلئے علماء کرام کو میدان عمل میں نکلنا ہو گا۔ فرقہ واریت اور دہشت گردی کا خاتمہ کتاب و سنت کی دعوت ہی سے ممکن ہے ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں القدس علماء کونسل کے تاسیسی اجلاس کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے القدس علماء کونسل کے کارکنان کو تبلیغی سرگرمیاں تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ابتر صورتحال اور درپیش سنگین بحرانوں کا حل نفاذ اسلام میں مضمر ہے۔ کتاب و سنت کی اشاعت کیلئے طلباء اور مذہبی رہنما کردار ادا کریں تاکہ ملک میں اسلام کے نفاذ کی راہ ہموار ہو سکے۔ گفتگو کرتے ہوئے حافظ عبدالغفار روپڑی نے متحدہ کے بانی الطاف حسین کی جانب سے وطن عزیز کیخلاف ہرزہ سرائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ قتل و غارت کرنیوالے نہ صرف ملک و قوم کے دشمن بلکہ دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔ لازوال قربانیوں کی بدولت حاصل ہونے والی پاک سر زمین کے بارے زبان درازی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکومت دشمن عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے۔ جماعت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس سے فارغ ہونے والے طلباء قیام پاکستان کے مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے اسلام کی تبلیغ کو عام کریں اور دوسرے مذاہب و مسالک کا احترام کریں۔ اس موقع پر مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا شاہد جانباز، مولانا عبدالوحید شاہد، مولانا حفیظ اللہ بلوچ، سلمان عادل سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔ القدس علماء کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1