گڈر گورننس میں تعلیم اور صحت کی سہولیات اولین ترجیح ہوتی ہیں،ذکر اللہ مجاہد

گڈر گورننس میں تعلیم اور صحت کی سہولیات اولین ترجیح ہوتی ہیں،ذکر اللہ مجاہد

لاہور ( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ تعلیم و صحت ملک وقو م کے روشن مستقبل کی ضامن ہوتے ہیں بدقسمتی سے لاہور بھر میں تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات سے غریب عوام محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے زون 155کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع ارکان میں شریف الحق ، نذیر احمد ،ذکی الدین شیخ ، خبیب نذیر و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ گڈگورننس کا مطلب عوام کو تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہوتی ہے اور ہمارے حکمران اپنی قوم کو ان دو بنیادی ضروریات و حقوق کی فراہمی میں بری طرح ناکام نظر آتے ہیں ، گذشتہ کئی برسوں سے لاہور جیسے بڑے شہر کے اندر کوئی نیا سرکاری ہسپتال تعمیر نہیں ہوا اور جو موجود ہیں ان میں کسی قسم کی اپ گریڈیشن نہیں ہوئی ۔ انھوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک صحت و تعلیم کو بنیادی حقوق کا درجہ دیتے ہیں لیکن لاہور جیسے بڑے شہر میں بڑی تعداد میں لوگ ناقص اور گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں ،پرائیویٹ سکولوں کی وجہ سے غریب کے بچوں کے لیے تعلیم حاصل کرنا ایک خواب بن چکا ہے پاکستان کو قائم ہوئے 69برس بیت چکے ہیں ان سالوں میں شرح خواندگی میں اضافہ ہوناچاہیے تھا مگر ایسا اس لیے نہیں ہو پایا کیونکہ حکمرانوں نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کررکھا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ لاہور شہر میں تعلیم و صحت کا بجٹ اورنج لائن ٹرین ، میٹروبس اور انڈرپاسز پر خرچ ہو رہاہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1