مہاجروں کو تباہی پر پہنچانے والے قوم سے معافی مانگیں، ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجروں کو تباہی پر پہنچانے والے قوم سے معافی مانگیں، ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی(سٹاف رپورٹر )مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدرنے کہا ہے کہ ان حالات کی نشاندہی ہم 20 سال سے کرتے رہے ہیں جس کی پاداش میں ہم پر قاتلانہ حملے ہوئے ۔ ہمارے کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرایا گیا۔ آج ہماری بتائی ہوئی باتیں سچ ثابت ہورہی ہیں ۔ لہٰذا مہاجروں کو رسوا اور تباہی پر پہنچانے والے الطاف حسین کو مہاجر قوم سے معافی مانگنی ہوگی۔ آج جو مہاجروں کے ہمدرد بنے ہوئے ہیں وہ ماضی میں مہاجر حقوق کی بات کرنے والوں کیخلاف عرصہ حیات تنگ کرتے رہے ہیں اور یہ بھی مہاجروں کو دیئے جانے والے دھوکے اور مہاجروں کا سودا کرنے میں برابر کے شریک ہیں۔ وہ ناظم آباد میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدرنے کہاکہ ہماری جماعت مہاجر حقوق کی بانی جماعت ہے ، ہم نے کسی بھی دوراہے پر نہ تو مہاجر دشمن قوتوں سے مفاہمت کی اور نہ ہی مہاجر نام پر مراعاتیں حاصل کرکے اپنے ضمیر کا سودا کیا۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ مہاجران شعبدے بازوں کومسترد کردیں جو بھیس بدل کر ایک مرتبہ پھر مہاجروں کو بیوقوف بنانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ پہلے ہی مہاجروں کے 30 سال تباہ ہوچکے ہیں اب مزید مہاجر تباہی اور بربادی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ اس لئے یہ عناصر مہاجروں کی جان چھوڑ دیں اور انہیں عزت اور وقار سے زندہ رہنے دیں۔ آج اگر مہاجروں کو را کا ایجنٹ ، دہشت گرد اور ملک دشمن اور مفاد پرست کے القاب سے نوازا جارہا ہے تو اس سب کے ذمہ دار ایم کیوایم کے یہ گروپ ہیں جو مہاجر بھیس میں مہاجر دشمن ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے دنیا بھر کی مراعاتیں اور مفادات حاصل کئے اور اب بھی مہاجروں کو بیوقوف بنانے کیلئے گلے پھاڑ پھاڑ کر شور مچارہے ہیں۔ مہاجر عوام انہیں مسترد کرتے ہیں اس لئے کہ کسی اور کے کندھے پر بیٹھ کر نہ تو مہاجروں کی خدمت کی جاسکتی ہے اور نہ ہی مہاجروں کو ان کا کھویا ہوا مقام دلایا جاسکتاہے۔

مزید :

علاقائی -