نشتر کالونی ساتھیوں کو حوالات میں بند کرنے پر خواجہ سراؤں کا پولیس کیخلاف مظاہرہ
لاہور(وقائع نگار) نشتر کالونی پولیس کے خلاف خواجہ سراؤں نے تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کے مطابق پولیس اہلکاروں نے غیر قانونی طور پر ان کے ساتھیوں کو تھانہ کی حوالات میں بند کر رکھاہے ۔مظاہرین میں سے نیلی رانا کا کہنا تھا کہ سب انسپکٹر محمد مشتاق خواجہ سراؤں کو غیرقانونی طور پر حوالات میں بند کر کے ہراساں کرتا رہا۔ذرائع کے مطابق تھانہ نشتر کالونی نے گزشتہ رات کماہاں گاؤں میں ایمپلی فائرایکٹ کی خلاف ورزی پرکارروائی کی،اس دوران پولیس نے شادی کی تقریب میں دولہا کے باپ لیاقت علی، ساؤنڈ ماسٹر اور تین خواجہ سراؤں کو گرفتار کرلیا۔خواجہ سراؤں کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر مشتاق نے ساؤنڈ ماسٹر سے2 ہزار روپے رشوت لیکر چھوڑ دیا۔خواجہ سراؤں نے تھانہ نشتر کالونی کے سامنے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔خواجہ سراؤں کی رہنما نیلی رانا نے الزام عائد کیا ہے کہ سب انسپکٹر مشتاق تینوں خواجہ سراؤں کو غیر قانونی طور پر حوالات میں بند کر کے ہراساں کرتا رہا۔ نیلی رانا کا کہنا تھا کہ گرفتار خواجہ سراؤں کو رہا کیاجائے۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر چیئرنگ کراس پر احتجاج کریں گے۔