ابوظہبی سے لاہور آنے والے ذہنی مریض کی دوران پرواز ہنگامہ آرائی

ابوظہبی سے لاہور آنے والے ذہنی مریض کی دوران پرواز ہنگامہ آرائی
ابوظہبی سے لاہور آنے والے ذہنی مریض کی دوران پرواز ہنگامہ آرائی

  


لاہور(وقائع نگار) ابوظہبی سے لاہور آنے والے ذہنی مریض مسافر احمد سمیع کی دوران پرواز ہنگامہ آرائی، عملے، پائلٹ اور مسافروں سے تلخ کلامی، طیارہ لینڈ کرتے ہی پائلٹ نے سکیورٹی کے حوالے کردیا۔ ذرائع کے مطابق ابوظہبی سے لاہور آنے والے مسافر احمد سمیع نے دوران پروازجہازمیں ہنگامہ آرائی کی جبکہ عملے سمیت پائلٹ اورمسافروں سے تلخ کلامی بھی کرتارہا۔ ذہنی مریض احمدسمیع کی حواس باختہ حرکات اور گفتگو سے مسافر اورعملہ کے لوگ سہم گئے۔ جہاز کے پائلٹ اورعملے نے بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کیلئے مسافر کے ہاتھ پاؤں سیٹ کے ساتھ باندھ دئے تاکہ وہ مزید کسی پر حملہ کرنے کی کوشش نہ کر سکے۔ احمد سمیع دوران پرواز چیختا چلاتا رہا کہ وہ صدر پاکستان ممنون حسین ہے۔ لاہور پہنچنے پر وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو استقبال کے لیے جلد از جلد ایئرپورٹ بلوایا جائے۔پرواز لینڈ کرتے ہی پائلٹ نے مسافر کو ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے حوالے کر دیا۔ انہوں نے مکمل تفتیش کے بعد نوجوان کا ذہنی توازن خراب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اہلخانہ کے ہمراہ گھر روانہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق 33 سالہ احمد سمیع کینال سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کا رہائشی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق تمام مسافر دوران سفر سخت ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار رہے۔

مزید : علاقائی