جمہوریہ گنی کا اولمپک دستہ ریوڈی جینروایتھلیٹس ولیج سے غائب

جمہوریہ گنی کا اولمپک دستہ ریوڈی جینروایتھلیٹس ولیج سے غائب

کوناکری(این این آئی) جمہوریہ گنی کا اولمپک دستہ ریو ڈی جنیرو کے ایتھلیٹس ولیج سے غائب ہوگیا ہے اور تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔افریقی ملک جمہوریہ گنی کی اولمپک کمیٹی کے رکن عاطف چالوب نے بتایا کہ پیراک عمادو کامارا اور میم آداما بنگورا جو جوڈو بھی جانتے ہیں اولمپک ولیج سے غائب ہیں جو برازیل میں رہ گئے ہیں اور اب تک واپس نہیں آئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کھیلوں کے حکام کا کہنا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر غیرقانونی تارکین وطن بن گئے ہیں۔واضح رہے ماضی میں بھی کئی مواقعوں پر افریقی ممالک کے ایتھلیٹس مقابلوں کے لیے باہر جا کر وہیں پر ٹھہر چکے ہیں کیونکہ انھیں میزبان ملک میں بہتر مالی اور کھیلوں کے مواقع میسر ہوتے ہیں۔2012 کے لندن اولمپکس کے بعد گینی کے 5 اور کیمرون کے 17 ایتھلیٹس برطانیہ میں مقیم ہو گئے تھے۔برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں رواں ماہ کے اوائل میں منعقدہ اولمپک مقابلوں میں 205 ممالک کے 11 ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیاتھا۔امریکا نے ریواولمپکس 2016 کے 16 روزہ مقابلوں کے دوران تمغوں میں اپنی برتری قائم رکھی، برطانیہ میڈلز کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر تھا ٗ چین کو سونے کے تمغوں میں تیسری پوزیشن حاصل تھی۔ریواولمپکس کی رنگارنگ اختتامی تقریب کے بعد اولمپکس پرچم جاپان کے حوالے کیا گیا، 2020 کے اولمپک مقابلے ٹوکیو میں ہوں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی