پاکستان کیخلاف بولنے والے بھارت چلے جائیں

پاکستان کیخلاف بولنے والے بھارت چلے جائیں
 پاکستان کیخلاف بولنے والے بھارت چلے جائیں

  


لاہور،سرگودھا(اے این این) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ(ق) کا مشن ہے، ہمارے فلاحی منصوبے ہمیشہ زندہ رہیں گے، پاکستان دشمنوں کو چاہئے کہ وہ خود کو پاکستانی نہ کہلوائیں اور بھارتی شہریت حاصل کر لیں، پاکستان زندہ و پائندہ رہے گا، دشمنوں کونشان عبرت بنا دینگے، ہمارا ملک مزید مضبوط ہو گا، نوازشریف اتنے سال بعد نئے ہسپتال بنانے کا اعلان کر رہے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی شہبازشریف پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں کو چلانے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ٹھیکے پر دے رہے ہیں۔ وہ مونس الٰہی اور ڈاکٹر خالد رانجھا کے ہمراہ سرگودھا میں سات بار رکن اسمبلی منتخب ہونیوالے اپنی پارٹی کے ممتاز رہنما چودھری انور علی چیمہ کی رسم چہلم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے عامر سلطان چیمہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انور علی چیمہ نے عمر بھر عوام کی خدمت کی اور آج کا یہ بڑا اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اپنے محسنوں کو یاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے الطاف حسین اور محمود اچکزئی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملکی سالمیت و یکجہتی کے منافی بیان دینے والوں کیخلاف حکومت کوئی ایکشن نہیں لے رہی، اس طرح وزیراعظم اپنے حلف سے انحراف کر رہے ہیں اس لیے ایسی بیان بازی فیشن بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور محمود اچکزئی کو یہ عزت اور سب کچھ پاکستان کی بدولت ملا ہے، اگر ان کے دل و دماغ میں پاکستان کے خلاف اتنی مخالفت ہے کہ وہ آئے روز اس کے خلاف زہر اگلتے اور بھارت نوازی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو انہیں پاکستانی پاسپورٹ اور شہریت رکھنے کا کوئی حق نہیں، پاکستان نے ان کو اتنا نوازا ہے لیکن یہ پاکستان کے دشمن اور ناشکرے ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے 33نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے دور میں عوام کو صحت و تعلیم کی سہولتیں مفت حاصل تھیں، خادم اعلیٰ ہونے کے دعویدار نے غریب بچوں کے سکول بند کرنے کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں کا جو حشر کیا ہے اس کا اعتراف وہ خود بھی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور سکولوں کی طرح ہسپتالوں کو بھی ٹھیکے پر دینے کے اشتہار دے رہے ہیں۔

مزید : صفحہ اول