پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں پہل کرنا خوش آئند ہے ٗ آسیہ اندرابی

پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں پہل کرنا خوش آئند ہے ٗ آسیہ ...

سری نگر ( اے این این ) دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی پہل کا خیر مقدم کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ فتنہ پرداز لوگوں اور لیڈرشپ کو علیحدہ کرے۔بیان کے مطابق آسیہ نے حکومت پاکستان کی طرف سے22ممبران پارلیمان کو مختلف ممالک میں مسئلہ کشمیر اور یہاں کی موجودہ صورتحال کو اجا گر کرنے کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئدہ قدم ہے جبکہ اسلام آباد نے ہمیشہ سے ہی تنا زعہ کشمیر اور یہاں کے لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی اداروں کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان نے بروقت قدم اٹھا کر بین الاقوامی برداری کے سامنے مسئلہ کشمیر کو پیش کرنے کی سعی کی ہے۔

دختران سربراہ نے کہا کہ یہ پاکستان کا اخلاقی فرض بھی ہے کہ وہ موجودہ تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرئے۔انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ مزاحمتی لیڈر شپ کے خلاف کئے جانے والے پراپیگنڈہ کو بھی وہ مسترد کریں جبکہ حکومت ہند اور انکے مقامی حاشیہ برداروں نے بڑے پیمانے پر پراپیگنڈہ مہم شروع کی ہے۔آسیہ اندرابی نے کہا کہ ہر دن کے ساتھ جموں کشمیر میں بھارت کے پیروں تلے زمین کھسک رہی ہے اور اب مختلف منصوبے تیار کر کے بھارت اپنے قبضے کو مسلسل دوام بخشنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کی وجہ موجود ہے کہ حکومت ہند عوام کو مزاحمتی جماعتوں کے خلاف زہر بھر رہی ہے کیونکہ گزشتہ50دنوں سے ہند نواز جماعتوں اور حکومت ہند کو اس بات کا احساس ہوا ہے کہ لوگ مزاحمتی قیادت کے پروگراموں پر من و عن عمل پیرا ہے۔انہوں نے عوام کو ہوشیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آزادی سے کم کوئی بھی چیز قابل قبول نہ کریں۔

مزید : عالمی منظر