مصرکا منگل کو غزہ کے عازمین حج کیلئے رفح گذرگاہ 3 روز کیلئے کھولنے کا فیصلہ
غزہ (اے این این)مصری حکام نے غزہ کی پٹی کے عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کیلئے کل( منگل کو) رفح گذرگاہ تین دن کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی گذرگاہ امور کے ڈائریکٹر ھشام عدوان نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ مصری حکام نے انہیں اطلاع دی ہے کہ منگل کے روز غزہ کی پٹی کے عازمین حج کے بیرون ملک سفر کیلئے رفح گذرگاہ کو کھلا رکھا جائے گا۔ھشام عدوان کا کہنا ہے کہ رفح گذرگاہ تین دن تک کھلی رہے گی۔ اس دوران غزہ کے عازمین حج کو مصر کے راستے سعودی عرب جانے کی سہولت مہیا کی جائے گی۔فلسطینی وزارت اوقاف کے مطابق رواں سال غزہ کی پٹی کے 2008 فلسطینی فریضہ حج کی ادائی کیلئے حجاز مقدس جائیں گے۔قبل ازیں مصری حکام نے 29 جون کو پانچ روز کیلئے رفح گذرگاہ کھولی تھی۔ جس کے بعد تین ہزار مسافروں کو بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی تھی۔خیال رہے کہ غزہ کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ جولائی 2013 کے بعد سے بند ہے۔ اسے صرف ہنگامی حالات میں کئی ماہ کی بندش کے بعد چند روز کیلئے کھولا جاتا ہے۔
گذرگاہ کی بندش کے باعث غزہ کی پٹی کے عوام کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔