کلبھوشن یادیو کی فون کالز سراغ رمضان شوگر مل سے ملا تھا: طاہر القادری

کلبھوشن یادیو کی فون کالز سراغ رمضان شوگر مل سے ملا تھا: طاہر القادری

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے ٹیلی فون کالز کا سراغ رمضان شوگر مل سے ملا تھا۔ شریف برادران ملکی سالمیت کیلیے خطرہ ہیں،تحریک قصاص ضرور کامیاب ہوگی، کراچی کی سرزمین گالی دینے والوں کو قبول نہیں کرے گی، لندن سے گالی اتفاقا جاری نہیں ہوئی بلکہ اسلام آباد سے ڈیمانڈ کی گئی تھی،تین ستمبر کو راولپنڈی میں اپنے فائنل ایونٹ کا اعلان کروں گا۔پاکستان عوامی تحریک پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام 17جون لاہور ماڈل ٹاؤن میں دہشت گردی ،پولیس کی غنڈا گردی،حکمرانوں کے مظالم کے خلاف پورے ملک میں تحریک قصاص جاری ہے۔اس سلسلے میں پاکستان عوامی تحریک کراچی کا قصاص مارچ مزار قائد تا تبت سینٹر ہو اجس میں بارش کے باوجود عوام نے کثیرتعدادمیں شرکت کی ۔اس کے علاوہ قومی،سیاسی،سماجی،مذہبی،انسانی حقوق کی تنظیموں نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء سے ویڈیولنک خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری ݆ے کہا کہ انشا اللہ ہماری تحریک قصاص کامیاب ہوگی، کسی طاقتور کو کمزور پر ظلم کی اجازت نہیں ملے گی، تحریک قصاص صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کیلئے نہیں ہے بلکہ تحریک قصاص چاروں صوبوں کیلئے انصاف کی تحریک ہے۔انہوں نے کہاکہ کہ بدقسمتی سے دہشت گردی کا نام جمہوریت رکھ دیا گیا ہے، حقیقی جمہوریت وہ ہوتی ہے جس میں عوام کو انصاف ملے۔انہوں نے کہاکہ3 ستمبر کو قصاص، سالمیت پاکستان مارچ راولپنڈی میں ہوگا، وہاں فائنل ایونٹ کا اعلان کروں گا۔طاہرالقادری نے مسلم لیگ( ن) پر بلاواسطہ الزام لگایا کہ لندن سے گالی اتفاقا جاری نہیں ہوئی، اسلام آباد سے ڈیمانڈ کی گئی تھی، باقاعدہ ڈرافٹ جاری ہوا، پاکستان کو گالی دی گئی، وزیراعظم کے لب سلے ہوئے ہیں، آج پاکستان کے وجود کو انصاف نہیں مل رہا، کراچی کی سرزمین گالی دینے والے کو قبول نہیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ حکمران ملک دشمنوں کے ایجنٹ ہیں، بھارتی جاسوس کا پہلا سراغ حکمران خاندان کی فیکٹریوں سے ملا، کلبھوشن کی اطلاع فیکٹری میں موجود لوگوں نے دی تھی۔ مرکزی نائب صدر ڈاکٹر ضمیر نے کہا انصاف دینے والوں کی آنکھیں بند ہیں دو سال سے انصاف نہیں ملا جنرل راحیل شریف صاحب 14لاشیں انصاف کی منتظر ہیں،ہمارا مطالبہ ہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بننے والی انسداد دہشت گردی کی فوجی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس چلایا جائے ۔PATکراچی کے صدر سید علی اوسط نے خطاب کرتے ہوئے کہا PATتب تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک قصاص،احتساب اور استحصالی نظام سے نجات حاصل نہیں ہو گی۔انھوں نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری 20کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ہم کراچی،حیدر آباد سمیت سندھ میں تمام مظلوم طبقات کی آواز بن کر انکے حق کی جدو جہد کریں گے۔انھوں نے کہا ہم ملک کو 35صوبے اور ایسا بلدیاتی نظام دینا چاہتے ہیں جہاں بلدیاتی نمائندوں کے پاس مکمل اختیارات بھی ہوں تاکہ ملک خوشحالی راہ پر گامزن ہو انھوں نے کہا 17جون سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان کی تاریخ کی بدترین ریاستی دہشت گردی کرائی گئی ۔حکمرانوں نے پولیس اور کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں سے ماڈل ٹاؤن میں دو خواتین سمیت 14لوگوں کو شہید اور سو سے زائد کو گولیوں سے بھونا گیا۔دو سال گزر گئے ملک کے کسی ادارے نے اب تک انصاف نہیں دیا ۔انھوں نے کہا جب انصاف اور عدالتیں بکنے لگیں ،انصاف نا پید ہو جائے ،غریب کو اسکا حق نہ ملے تو بغاوت پھیلتی ہے انھوں نے کہا ریاست اور ریاستی اداروں نے انصاف نہ دیا تو اپنا حق چھین کر لیں گے۔انھوں نے کہا آلو سموسے پر سوموٹو ایکشن لینی والی عدلیہ کو 14لوگوں کی شہادت نظر کیوں نہیں آئی ہمارے سو سے زائد لوگ آج بھی زخمی زندگی موت کی کشمکش میں تڑپ رہے ہیں ذمہ دار کون ہے؟۔پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران نے خطاب کرتے ہوئے کہا جب انصاف نہیں ملتا تو انقلاب آتا ہے ہم اپنے شہداء کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے ہمیں قصاص چاہیے ۔ماڈل ٹاؤن سانحہ کے قاتل حکمران ہیں جب تک قاتل حکمران کیفر کردار تک نہیں پہنچتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے کہا ہم نہ جھکنے والے ہیں نہ بکنے والے ہیں اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو انقلاب کیلئے قوم کو پکاریں گے۔راؤ کامران نے مطالبہ کیا سانحہ ماڈل ٹاؤن کی FIRمیں نامزد تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔ریلی میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے جن میں خواتین ،بچے،بوڑھے جوان سب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے نعرے لگا رہے تھے ۔نعیم انصاری نے کہا ان قائدین نے کہا اب بھی وقت ہے پاکستانی قوم ان کرپٹ ،ظالم حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ویمن ونگ کی صدر رانی ارشد نے کہا پاکستان عوامی تحریک پاکستان میں امن و محبت بھائی چارے اور حقیقی جمہورت چاہتی ہے ہم ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتے ہیں جہاں انسانی جانوں کی قدر نہ ہو ملک میں جمہوری نہیں آمرانہ دور کا دور دورہ ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری ظلم ،جبر اور استحصال کے خلاف تحریک کا نام ہے ۔یوتھ ونگ کے صدر راؤ طیب نے کہا اگر ملک سے دہشت گردی ظلم کا خاتمہ کرنا ہے تو رانا ثناء اللہ جیسے دہشت گرد اور دہشتگردوں کے سہولت کار کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔ایم ایس کے صدر فیضان کلیم نے کہا آج اہلیان کراچی ثابت کر دیں وہ ظلم کے خلاف مظلوں کے ساتھ ہیں ۔۔عوامی احتجاجی ریلی سے پاکستان عوامی تحریک کے قائدین قیصر اقبال قادری،پرو فیسر ظہیر اختر،شہزاد میرٹھی،لیاقت کاظمی،سید ظفر اقبال،اطہر جاوید صدیقی،نعیم انصاری،عدنان رؤف انقلابی،،،فوزیہ جنیدچمن فاطمہ،افشین آصف،راؤ طیب،مفتی مکرم قادری،فیضان کلیم،عرفان یوسف،مشتاق صدیقی،فہیم خان،علامہ اشتیاق علوی،شفقت شیخ،فیصل بلوچ نے بھی خطاب کیا۔

مزید : صفحہ آخر