پاکستان کیخلاف بات کرنیوالے کی زبان کھینچ لینی چاہئے ، شیخ رشید احمد

پاکستان کیخلاف بات کرنیوالے کی زبان کھینچ لینی چاہئے ، شیخ رشید احمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بات کرنے والے کی زبان کھینچ لینی چاہیے،کراچی رابطہ کمیٹی لندن سے تعلق توڑلے تو فاروق ستار کے ساتھ ہیں، حکمرانوں کی پانامہ لیکس سے جان نہیں چھوٹے گی، عمران خان اورطاہرالقادری کی ملاقات ضروری ہے،آصف علی زرداری وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔اتوارکو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ الطاف حسین نے تمام مہاجروں کی بے عزتی کی ہے۔مہاجروں کو بدنام کرنے والوں کا خاتمہ کرناہوگا ،چند کرائے کے قاتلوں نے مہاجروں کو بدنام کیاہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی رابطہ کمیٹی کواب لندن رابطہ کمیٹی سے جان چھڑانی چاہیے۔ ایم کیوایم خود کو جرائم پیشہ عناصر سے الگ کرے۔شیخ رشید نے کہاکہ کراچی میں بہت قتل وغارت گری ہوچکی ہے،شہر سے قبضہ گروپ کو ختم کیا جائے، کسی کے لیے دل میں کوئی نرم گوشہ نہیں ہے۔سربراہ عوامی لیگ نے کہاکہ مہاجروں کو دیوار کے ساتھ نہیں لگایا جاسکتا، میں یہاں فاروق ستار کے ساتھ ہوں۔فاروق ستار سیاسی پل صراط ہیں، مہاجروں کی بڑی تعداد محب وطن ہے،ایم کیو ایم پر پابندی کے سوا اور بھی فیصلے ہوسکتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری تھرڈ امپائر کی جانب دیکھ رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہاکہ عمران خان اور طاہرالقادری حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے کے لیے متفق ہوگئے ہیں اس کے لیے عمران خان اور طاہرالقادری کے درمیان ملاقات ضروری ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول