ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازیخان میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا انعقاد: ہزاروں امیدواروں کی شرکت

ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازیخان میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا ...

  

ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازیخان (سٹاف رپورٹر+ نمائندگان) پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے گذشتہ روز ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان، اور ڈیرہ غازیخان میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اس سلسلے میں تفصیل کیمطابق زکریا یونیورسٹی میں طلبا وطالبات کا میڈیکل و ڈینٹل انٹرنس ٹیسٹ لیا گیا‘بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث مشکلات پیش آئیں‘ انٹری ٹیسٹ بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے کالج آف انجیرنگ میںیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے تحت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز انٹرنس ٹیسٹ منعقد ہوا. اس ٹیسٹ میں تقریبا 8097 امیدواران جن میں 3869 طلباء اور 4228 طالبات نے شرکت کی. اس ٹیسٹ کو منعقد کرنے کے لیے چھ بلاک اور 109 سنٹرز بنائے گئے تھے. انٹرنس ٹیسٹ سنٹر کا معائنہ قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ترین نے کیا‘ اس موقع پر پرنسپل انجیرنگ کالج ڈاکٹر عابد لطیف ، ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب ، پروفیسر ڈاکٹر محمدجاوید ممبر سنڈیکیٹ آر او ڈاکٹر مقرب اکبر ، انجینئر طاہر سلطان بھی ان کے ہمراہ تھے‘ صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ترین نے کہا کہ اس طرح کے بڑے پیمانے پر ہونے والے ٹیسٹ اداروں کے ذمہ دار لوگوں کے احساس ذمہ داری اور فرض شناسی کا بھی امتحان ہوتے ہیں‘رجسٹرار یو ایچ ایس ڈاکٹر اسد نے کہاکہ آندھی ، طوفان اور تیز بارش کے باوجود بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کی انتطامیہ نے بہترین انتظامات کیے ہوئے تھے. واضح رہے کہ انٹری ٹیسٹ کا ملتان سنٹر لاہور کے بعد دوسرا بڑا سنٹر ہے. یونیورسٹی کی طرف سے طلباء طالبات کی آمدورفت کے لیے ہر پندرہ منٹ کے وقفہ سے بسیں چلائے رکھیں. نیز ٹیسٹ میں ایمرجنسی صورت حال سے نپٹنے کے لیے ہر سنٹر میں میڈیکل کے کیمپس اور پچاس موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں اس کے علاوہ ہنگامی صورت حال پر قابو پانے کے لیے ریسکیو کی طر ف سے تین ایبولینس ، دو فائر برگیڈ گاڑیاں اور ایک ریسکیو وہیکل بھی موجود رہی. ٹیسٹ کے انعقاد میں پرنسپل ڈاکٹر عابد لطیف ، فوکل پرسن انجینئر اخلاق احمد ، انجینئر طاہر سلطان ، آر مقرب اکبر ، ڈاکٹر جاوید احمد ، ڈاکٹر عمر چوہدری سرگر م رہے ۔بہاولپور سے بیورو رپورٹ کیمطابق پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے بغداد الجدید کیمپس میں قائم کیے گئے سینٹر میں 2649امیدواروں نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر کی ہدایت پر امید واروں اور اُن کے ہمراہ آنے والے والدین اور عزیزوں کی سہولت کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے تھے ۔ فیکلٹیوں کے باہر سایہ دار جگہوں اور کرسیوں کے ساتھ پینے کے ٹھنڈے پانی کا مناسب انتظام کیا گیاتھا۔امیدواروں کی رہنمائی ، پارکنگ اور سیکورٹی کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے تھے یہ بات قابل ذکر ہے کہ پنجاب بھر میں یہ ٹیسٹ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی زیر نگرانی لیا گیا ۔رحیم یارخان سے بیورونیوز کے مطابق گزشتہ روز یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز کے پروگرام کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف کی زیر نگرانی شیخ زید پبلک سکول میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایڈمیشن کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں 688 طالبہ اور 1100 سے زائد طالبات نے حصہ لیا انٹری ٹیسٹ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ڈیرہ غازیخان سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں ایڈمیشن کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی زیر نگرانی ڈی جی خان ، غازی یونیورسٹی ہال میں گذشتہ روز امتحانی سنٹر قائم کیا گیا امتحان میں کل 1950ء امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جس میں 1150فی میل اور 8سو میل امیدوار تھے جن میں سے 60طلباء و طالبات امتحان میں شریک نہ ہو سکے امتحان کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر پروفیسر الطاف نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کے علاوہ والدین کیلئے خصوصی طور پر شامیانے ، کرسیاں اور پانی کا انتظام کیا گیا اس کے علاوہ طلباء و طالبات کو بھی امتحان شروع ہونے سے قبل ان کی ٹیبل پر منرل واٹر کی بوتلیں مہیا کی گئیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو سیکورٹی کے پیش نظر واک تھرو گیٹس لگائے گئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی طرف سے حماد احمد ، محمد حسن اور جنید امتحان دینے کیلئے لاہور سے آئے جبکہ ان کی معاونت کیلئے دیگر عملہ سکول ڈیپارٹمنٹ سے لیا گیا تھا انٹری ٹیسٹ کا سوالیہ پرچہ کل 220معروضی سوالات پر مشتمل تھا جس میں کیمسٹری کے 58سوالات ، فزکس کے 44سوالات ،انگریزی کے 30سوالات جبکہ بیالوجی کے 88سوالات دئیے گئے تھے پرچہ حل کرنے کیلئے امیدواروں کو اڑھائی گھنٹہ کا وقت دیا گیا ہے امتحان 10بجے شروع ہوکر 12:30PMپر اختتام پذیر ہوگا ۔انہوں نے بتایا کہ امتحانی سنٹر کے ارد گرد دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا تھا انتظامیہ کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر صدر اصغر مجید بلوچ اور ڈی ایس پی سٹی بھاری نفری کے ہمراہ وہاں موجود رہے اس کے علاوہ ڈی سی او ڈیرہ غازیخان ندیم الرحمن اور ڈی پی او کیپٹن (ر) عطاء محمد نے بھی امتحانی سنٹر کا وزٹ کرتے ہوئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا انہوں نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کا رزلٹ UHSکی ویب سائیٹ سے معلوم کیا جا سکتا ہے ۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -