ٹریفک حادثات، واقعات میں میاں بیوی سمیت 8افراد جاں بحق

ٹریفک حادثات، واقعات میں میاں بیوی سمیت 8افراد جاں بحق

  

خانیوال ‘ مظفر گڑھ ‘ گگومنڈی ‘ بدھلہ سنت ‘ جہانیاں ‘ شاہ جمال ‘ چوک مکول ‘ رحیم یار خان ‘ بھکر ‘ منکیرہ(نمائندگان) ۔ خانیوال سے بیورو نیوز کے مطابق پل اسطبل والی نہر چک نمبر93 دس آر میں 15 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے چک نمبر67 1 دس آر کی فصلیں تباہ ہو گئیں ۔ مقامی زمیندار خادم حسین باٹی نے اپنے رقبہ سے مٹی فروخت کرکے بڑے بڑے گڑھے بنائے ہوئے تھے شگاف پڑنے کے باعث نہری پانی ان گڑھوں بھر گیا قریبی رہائشی مزارعہ کے 3 بجے پانی میں نہانے چلے گئے اور ڈوب گئے جس کے نتیجہ میں اس کا بڑا بیٹا علی حمزہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق جبکہ باقی دو بچوں کی بچالیا گیا ۔ مظفر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق خان گڑھ کا رہائشی الیکٹریشن عبدالوحید دس روز قبل موٹر سائیکل حادثہ میں شدید زخمی ہو گیا تھا جوگزشتہ روز نشتر ہسپتال ملتان میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔ دریں اثناء نوحی علاقہ مہر پور کا رہائشی الطاف کھوکھر پندرہ روز قبل دریائے چناب میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا جسکی نعش ٹھٹھہ قریشی کے قریب سے مل گئی جسے سپرد خاک کر دیا گیا۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق چک نمبر 169/9.Lکے رہائشی محمد عمر جٹ نے نواحی اڈا شیخ فاضل پر بیکری کی دکان بنائی ہوئی ہے وہ رات کے وقت دکان کی چھت پر سویا ہوا تھا کہ چھت کے قریب سے گزرتی ہوئی بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں سے چھو کر جاں بحق ہو گیا ۔ بدھلہ سنت سے نامہ نگار کے مطابق چکنمبر 10ٹی کا رہائشی محمد افضل دوانہ جو کہ دودھی تھا اپنی بیوی کے ہمراہ رشتہ داروں کے ہاں سے واپسی آرہا تھا کہ راستے میں ٹرالر کے ساتھ ایکسیڈنٹ ہو گیا جسکی وجہ سے اسکی بیوی موقع پر جاں بحق ہو گئی اور اسے فورا نشتر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں افضل بھی دم توڑ گیا دونوں کی میتیں جب انکے گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا اور دونوں کا نمازہ جنازہ پڑھ کر سپرد خاک کر دیا گیا ۔ جہانیاں سے نمائندہ خصوصی کے مطابق اڈہ پرویزوالا کے نزدیک جھولے لال پمپ کے سامنے ٹرالر اور جیپ میں تصادم, جیپ سوار موقع پر جاں بحق, متوفی کا نام عمیر اظہر ولد اظہر حسین ہاشمی سکنہ دربار پیر حاجن شیر چک 126 دس آر بتایا جاتا ہے۔ شاہ جمال ‘ چوک مکول سے نمائندہ پاکستان ‘ نامہ نگارکے مطابق نواحی علاقہ موضع قطب ابڑیند کی بستی چانن والا کے رہائشی شیرمحمدسمرا اپنی 25سالہ شادی شدہ بتول بی بی اور اسکی والدہ کے ہمراہ گھاس کاٹ کر واپس گھر کی طرف آرہے تھے کھیت میں چھپے نامعلوم افراد نے اچانک تیز دھار آلہ سے حملہ کرکے بتول بی بی کا سرتن سے جداکردیا اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ شاہ جمال محمداسلم ملغانی موقع پر پہنچ گئے اور کاروائی شروع کردی۔ رحیم یار خان سے بیورو نیوز کے مطابق بائی پاس روڈ پر واقع پٹرول پمپ پر تعینات 22سالہ سکیورٹی گارڈ اپنی رپیٹر گن سمیت اسی پٹرول پمپ پر واقع ٹائر پنکچر کی دوکان پر آبیٹھا پر موجود مالک اور ملازم کے ساتھ گپ شپ میں مصر وف ہوگیا کہ اسی دور ان ٹائر شاپ مالک15سالہ محمد حمزہ نے سکیورٹی گارڈ عمیر لیاقت کی رپیٹر گن اٹھالی اور مذاق کے طور پر سامنے بیٹھے ہوئے 17سالہ ملازم محمد ابرار کو نشانے پر لے لیا کہ اسی دوران اچانک گن میں موجود گولی چل گئی جو سامنے بیٹھے ہوئے 17سالہ محمد ابرار کو جالگی جسے شدید زخمی ہوجانے پر فوری طور پر طبی امدا دکیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم17سالہ محمد ابرارجانبر نہ ہوپایا اور زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑگیا واقع کی اطلاع پر پولیس تھانہ صدر نے موقع پر پہنچ کر غفلت کے مرتکب سکیورٹی گارڈ گلشن اقبال کے رہائشی عمیر لیاقت اور 15سالہ محمد حمزہ کو حراست میں لے کر حوالات منتقل کردیا ذرائع کے مطابق گن فائر سے ہلاک ہونے والے محمد ابرار کے ورثاء نے واقع کو حادثہ قراردیتے ہوئے کسی بھی پولیس کارروائی سے انکار کیا ہے۔ بھکر سے نامہ نگار ‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق محلہ حافظ آباد بھکر میں سیدصلاح الدین گیلانی مرحوم کے گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ کے نتیجہ میں ان کا 19سالہ صاحبزادہ سید خرم گیلانی جھلس کر جاں بحق ہوگیا جبکہ کمرے میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل کر خاستر ہوگیاواقعہ کی اطلاع ملتے ہی جنرل کونسلر ملک راشد عمران سمیت پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا معلوم ہوا ہے کہ خرم شاہ گیلانی کا ذہنی توازن بھی درست نہیں تھا ۔ منکیرہ سے نامہ نگار کے مطابق نکیرہ کے رہائشی 28سالہ نوجوان مسمی محمد خان ولد حبیب کھیمٹہ جو کہ محکمہ انہار میں ملازم تھا موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈیوٹی پر آدھی کوٹ ج رہا تھا کہ گوہر والا کے نزدیک اچانک روڈ پر آجانے والی بھینس سے جا ٹکرایا جسکے نتیجہ میں شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی ہیلتھ سنٹر لایا گیا ،حالت تشویشناک ہونے پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا اور زندگی کی بازی ہار گیا مرحوم 3بچوں کا باپ تھا نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -