کرک شہر کے درزیوں کا سرکاری نرخنامہ کیخلاف شٹر ڈاؤ ن ہڑتال

کرک شہر کے درزیوں کا سرکاری نرخنامہ کیخلاف شٹر ڈاؤ ن ہڑتال

کرک ( بیورورپورٹ )کرک شہر کے درزیوں کا سرکاری نرخنامہ کیخلاف شٹر ڈاؤ ن ہڑتال ، انجمن تاجران نے بھی حمایت کردی ،عید الاضحی کیلئے کپڑوں کی سلائی نہ کرنے کا اعلان ،فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آج ضلعی ہیڈ کواٹر چوک میں دھرنا دیا جائیگا ۔تفصیلات کے مطابق کرک شہر میں ٹیلر ماسٹر ایسوسی ایشن کی کال پر سرکاری نرخنامہ کے ذریعے کم ریٹ دئے جانے پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کیا گیا اور شہر میں کپڑوں کی سلائی کے کاروباری مراکز صبح سے شام تک بند رہے دریں اثنا ٹیلر ماسٹر ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں انجمن تاجران کے صدر حاجی گل راضی خٹک ، سرپرست حاجی سید رحمان ، سابق صدر طاہر ایوب نے بھی شرکت کی تنظیم کے صدر فرید خٹک ، جنرل سیکرٹری عید رحمان و دیگر عہدیداروں نعیم اللہ ، زری بت خان، ذاکر خان ، میر عبد اللہ ،حافظ فردوس نے اس موقع پر خطاب کے دوران کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سرکاری نرخنامہ میں فی سوٹ400روپے ریٹ مقرر کرکے ظلم کی انتہا کردی ہے انہوں نے اس موقع پر عید الاضحی کیلئے کپڑوں کی سلائی نہ کرنے کا اعلان بھی کیا انجمن تاجران نے درزیوں کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور مشاورت کے بعد طے ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فیصلے پر نظرثانی نہ ہونے اور فی سوٹ 600روپے ریٹ مقرر نہ ہونے کی صورت میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ آج ضلعی ہیڈ کواٹر چوک میں دھرنا دیا جا ئیگا جس میں انجمن تاجران کے عہد یداران و دیگر تاجر بھی شرکت کرینگے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر