پریس کلب چارسدہ 18 لاکھ عوام کی آواز ہے، داؤد درانی
چارسدہ (بیورورپورٹ)چارسدہ پریس کلب کے صدر داود درانی نے کہا ہے کہ پریس کلب چارسدہ کے 18لاکھ عوام کی آواز ہے جہاں سے عوام اپنے مسائل اور مشکلات قلم اور سکرین کے ذریعے ایوانوں تک پہنچاتے ہیں۔ کچھ سازشی عناصر عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائیگا۔صحافیوں نے پہلے بھی آزادی صحافت کیلئے لازوال قربانیاں دی ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ وہ چارسدہ پریس کلب کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔
اجلاس میں پریس کلب کے فنانس سیکرٹری علی اکبر نے نئے مالی سال کے آمدن اور اخراجات کے حوالے سے بجٹ پیش کیاجسے شرکاء نے تسلی بخش قرار دیکر فنانس سیکرٹری کو خراج تحسین پیش کیا۔جنرل باڈی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پریس کلب آئین کے مطابق مسلسل تین اجلاسوں سے غیر حاضر ہونے والے جنرل باڈی ممبران کو شوکا ز نوٹس جاری کئے جائیں اور پریس کلب کے صحافیوں کے خلاف سازشوں میں ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہیں کی جائیگی ۔ اجلاس میں چارسدہ پریس کلب کے فوت ہونے والے سینئر صحافیوں مشتاق احمد ، افسر نواب اور عابد جان رجڑ وال کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیااور فیصلہ کیا گیا کہ ان کے صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بہت جلد تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جائیگا۔ اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ علاقائی مسائل ،مشکلات اور سماجی برائی کے خاتمے کیلئے چارسدہ پریس کلب کو آگاہ کیا کریں ۔