شیخ رشید سے ثروت اعجاز قادری کی ملاقات، سیاسی امور پر تبادلہ خیال
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ ملک کی سلامتی کیلئے کام کیا ہے ،سنی تحریک کی قیادتوں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے،اکابرین اہلسنت کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار رہاہے ،کراچی میں حالات خراب کرنے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،شیخ رشید نے ثروت اعجاز قادری کو ملک کی سطح پر بننے والے گرینڈ الائنس کیلئے ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت دی 22سے زائد جماعتوں پر مشتمل الائنس ملکی موجودہ صورتحال اور مستقبل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ،اس موقع پر ثروت اعجاز قادری نے آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی کیلئے ہم نے ہمیشہ قربانیاں پیش کی ہیں ،سنی تحریک کے ہر مشکل وقت میں شیخ رشید جیسے مخلص سیاستدان ساتھ کھڑے رہے اور مثبت کردار ادا کیا ،دونوں رہنماؤں کی کراچی سمیت ملک بھر میں پائی جانیوالی بے چینی پر تبادلہ خیال کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان میں بھارت جیسے دشمن اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ،یہ وقت ہے کہ ایسے عناصر چاہے وہ بلوچستان میں ہوں یا کراچی سمیت ملک کے کسی کونے میں بھی ہوں گہرا تنگ کیا جائے ، ملک میں امن قائم کرنے میں پاک فوج کا کردار مثالی ہے ضرب عضب آپریشن کا دائرہ کار وسیع کرکے دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے ،نیشنل ایکشن پلان کے تمام نقات پر من وعن عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے ،نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری ایکشن کی ضرورت ہے ،قومی ایکشن پلان بھی اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ایسے کسی عناصر کو بھیس بدل کر ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بننے نہیں دینگے،دہشتگردوں ملک توڑنے اور ملک کے خلاف تقریر کرنیوالوں کو نشان عبرت بنانا ہوگا۔