ڈھاکہ ٹیسٹ ، کینگروز کی اچھل کود 217تک محدود ، شکیب الحسن کی 5وکٹیں

ڈھاکہ ٹیسٹ ، کینگروز کی اچھل کود 217تک محدود ، شکیب الحسن کی 5وکٹیں

ڈھاکہ (نیٹ نیوز) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم ڈھاکہ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 43 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ میٹ رینشا 45 اور ایشٹن ایجر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شکیب الحسن نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنا لئے اور اسے 88 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ تمیم اقبال 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 18 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو میٹ رینشا 6 اور سٹیون سمتھ 3 رنز پر کھیل رہے تھے۔ سمتھ گزشتہ روز کے سکور میں محض 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد مہدی حسن مرزا کا نشانہ بن گئے۔ رینشا اور پیٹر ہینڈزکامب نے 69 رنز کا اضافہ کیا۔ ہینڈزکامب 33 رنز بناکر تیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ رینشا بھی 45 رنز بناکر شکیب الحسن کا شکار بن گئے۔ میتھیو ویڈ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بناکر مہدی حسن مرزا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ گلین میکسویل 23 ، پیٹ کمنز 25 اور جوش ہیزلووڈ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تینوں کو شکیب الحسن نے آؤٹ کیا۔ ایشٹن ایجر 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 43 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ شکیب الحسن نے 5 اور مہدی حسن مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنا لئے اور اسے 88 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سومیا سرکار 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ تمیم اقبال 25 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ واحد وکٹ ایجر نے حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی