عید الاضحیٰ کی آمد : جیلوں میں قید 200ملزموں نے مختلف عدالتوں میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر دیں

عید الاضحیٰ کی آمد : جیلوں میں قید 200ملزموں نے مختلف عدالتوں میں ضمانت کی ...

لاہور(نامہ نگار) سیشن کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر جیلوں میں قید تقریباً200ملزموں نے اب تک ضمانت کی درخواستیں دائر کردی ہیں جن پرمختلف عدالتوں کے جج صاحبان نے پولیس کو نوٹس جاری کردئے ہیں۔ّملزموں کے عزیز واقارب نے اپنی خوشیوں میں ان کو شامل کرنے کی خاطرصبح سویرے ہی وکلاء کے چیمبروں میں ڈیرے جمانے شروع کردئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ ،ضلع کچہری، ماڈل ٹاؤ ن کچہری ، بینکنگ کورٹ سمیت دیگر ماتحت عدالتوں میں عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر جیلوں میں بند ملزمان کے عزیزواقارب کی طرف سے درخواست ہائے ضمانت دائر کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیاہے، سیشن کورٹ کی مارکنگ برانچ سے ایک دن میں 10سے 15درخواستیں ہر عدالت میں بھجوائی جا رہی ہیں۔عدالتوں کے باہر صبح سے ہی ملزمان کے عزیزواقارب جمع ہونا شروع ہو جاتے ہیں، عدالتوں کے باہر اور وکلا ء کے چیمبروں میں ہر طرف ضمانت کی درخواستیں تیار کی جا رہی ہیں۔ اب تک سیشن کورٹ میں 40،بینکنگ جرائم کورٹ کی 2عدالتوں میں 8،سینٹرل جج کی عدالت میں 10، اینٹی کرپشن کی 2 عدالتوں میں 9،اے این ایف کی عدالت میں 7 اور اسی طرح کچہریوں میں 100سے زائد ضمانت کی درخواستیں دائر ہو چکی ہیں جن پر عدالتوں کی طرف سے متعلقہ پولیس سے رپورٹیں طلب کی جا رہی ہیں ۔اس موقع پر ملزموں کے عزیزو اقارب کا کہنا ہے کہ ان کا بھی دل چاہتا ہے کہ ان کے پیارے اس خوشی کے موقع پر اپنوں کے ساتھ عید منائیں ۔

ضمانت کی درخواستیں

مزید : علاقائی