پولیس سمیت ٹاؤ ن و ضلعی افسران کی عید پر ڈیوٹی لازم ، سیکیورٹی انتظامات فائنل
لاہور( رپورٹ: یو نس با ٹھ) پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے عید الاضحی کے موقع پر دہشتگردوں کی ممکنہ کارروائیوں کے خطرے کے پیش نظر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے ‘ صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں کے داخلی راستوں پر اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر چیکنگ کا نظام سخت کر دیا گیا ‘ پولیس اہلکار عید کی نماز کے موقع پر مساجد ‘ امام بارگاہوں اور عبادتگاہوں کے باہر تعینات ہونگے جبکہ نمازیوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جائیگی‘ صرف لاہور میں 11ہزار سے زائد اہلکار حفاظتی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے ۔ضلعی حکومت کی جانب سے تمام ٹاؤن و ضلعی افسران عید کے دن ڈیوٹیوں پر موجود ہوں گے۔مختلف ٹاؤن کے افسران سپیشل مجسٹریٹ کسی بھی شخص کو غیر قانونی اقدام کے جرم میں موقع پر جیل یا تھانہ میں بند کروانے کے مجاز ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحی پر دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور اس سلسلہ میں ذمہ دار افسروں نے گزشتہ روز انہیں حتمی شکل دی ۔ صوبائی دارالحکومت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ کے احکامات جاری کر کے اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اور ہر آنے جانیوالی گاڑی کی جامع تلاشی لی جارہی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں تمام بڑی مساجد ‘ امام بارگاہواور عبادتگاہوں کی انتظامیہ سے ملکر سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ۔ مساجد اور عبادتگاہوں کی اپنی سکیورٹی بھی حفاظتی ڈیوٹی پر موجود ہو گی جبکہ پارکنگ کو ممنوعہ قرار دیا گیا ہے ۔ نمازیوں کو میٹل ڈیٹکٹر سے چیک کرنے کے بعد اند ر داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی ۔علاوہ ازیں رش والے مقامات پر سادہ کپڑوں میں بھی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔کیپٹل سٹی پولیس چیف کیپٹن ریٹائرڈ امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس عید الاضحی کے موقع پرشہریوں کو مکمل امن وامان ا ورسیکورٹی فراہم کرکے اپنی عید منائے گی ۔ سی سی پی او نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر امن و امان کی فضاء کے قیام اور کسی بھی ممکنہ تخریبی کاروائی سے نمٹنے کیلئے لاہور پولیس پوری طرح چوکس رہے گی اور انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈویژنل ایس پیز ، سپر وائزری پولیس آفیسرز ، ایس ایچ اوز ، اسسٹنٹ سب انسپکٹراور سب انسپکٹرزموبائل سکواڈز کی موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔سی سی پی او نے کہا کہ عید کے دوسرے روز لاہوریوں کو تفریحی مقامات پر جانے کے موقع پر بھی مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی ، 11ہزار سے زائد پولیس جوان اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔