سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس ، ڈی آئی جی راؤ عب دالجبار اور ایس پی عبد الرحیم شیراز اشتہاری قرار
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں عدالتی حکم کے باوجودپیش نہ ہونے پر ڈی آئی جی راؤعبدالجبار اور ایس پی عبدالرحیم شیرازی کواشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت کی جانب سے پرائیویٹ استغاثے میں 124پولیس افسران میں سے 121افسروں اور اہلکاروں کی حاضری مکمل کرلی گئی ہے ۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاون کے پرائیویٹ استغاثے اور پولیس کیس کی اکٹھی سماعت ہورہی ہے ، عدالت نے گزشتہ روزپرائیویٹ استغاثے میں بار بار طلبی کے پیش نہ ہونے پر ڈی آئی جی راو عبدالجباراور ایس پی عبدالرحیم شیرازی کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا ہے،دوران سماعت استغاثے میں 124پولیس اہلکاروں اور افسروں میں سے 121اہلکاروں اور افسران پیش ہوئے، جن کی حاضری مکمل کرلی گئی ہے تاہم دیگرپولیس اہلکاروں کے ایک بار پھر طلبی کے سمن جاری کردیئے گئے ہیں۔پولیس کے چالان میں انسپکٹر عامرسلیم سمیت 42ملزم نامزد ہیں جبکہ پرائیویٹ استغاثے میں 124پولیس اہلکاراور افسران شامل ہیں عدالت میں ادارہ منہاج القران کے وکیل نعیم الدین نے عدالت کو بتایا کہ استغاثے میں ایس پی عبدالرحیم شیرازی اورڈی آئی جی عبدالجبار جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے عدالت سے استدعا ہے کہ ان کے وارنٹ جاری کئے جائیں۔