ٹاؤن ہال کا مرکزی دروازہ سائلین کی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں کیلئے بند

ٹاؤن ہال کا مرکزی دروازہ سائلین کی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں کیلئے بند

لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان) سیکیورٹی وجوہات یا کوئی تھریٹ، ٹاؤن ہال کا مرکزی دروازہ آنے والے سائلین کی گاڑیوں کے لئے بند کر دیا گیا ،نا معلوم وجوہات کی بناء پر موٹر سائیکل سواروں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے،متبادل پارکنگ کیلئے ناصر باغ کی پارکنگ کو مختص کیا گیا ہے جسکے دُور ہونے کے باعث ٹاؤن ہال کے مرکزی دروازہ پر موٹر سائیکلوں کی قطاریں لگی رہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹاؤن ہال لاہور کا مرکزی دروازہ نا معلوم وجوہات کی بناء پر آنے والے سائلین کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لئے غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا جس کی وجہ سے شہر بھر سے آئے ہوئے سائلین در بدر ہوتے رہے۔ ابھی واضح طور پر انتظامیہ کی جانب سے کوئی بات سامنے نہیں آئی کہ مرکزی دروازے کو سیکیورٹی وجوہات کے باعث بند کیا گیا ہے یا پھرکسی تھریٹ کی وجہ سے ایسا کیا گیا ہے۔دریں اثناء آنے والے سائلین کے لئے ناصر باغ کی پارکنگ کی جگہ کو مختص کیا گیا ہے جس کا ٹاؤن ہال کے اندرونی دفاتر سے خاصا فاصلہ ہے جس کی وجہ سے ٹاؤن ہال کا مرکزی دروازہ سائلین کی موٹر سائیکلوں کے سٹینڈ کا منظر پیش کرتا رہا جبکہ سائلین اور مرکزی دروازے پر تعینات عملہ میں تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔اس حوالے سے میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے پرائیویٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلو ں کا داخلہ منع کیا ہے اور پارکنگ کی جگہ ناصر باغ میں مختص کی گئی ہے،حالات ٹھیک ہوتے ہی اجازت دے دی جائے گی۔ ٹاؤن ہال میں گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی جگہ کم ہے، گاڑیاں زیادہ آنے کی وجہ سے ٹریفک جام رہتی تھی۔

ٹاؤن ہال

مزید : صفحہ آخر