پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی گلزار خان پشاور میں انتقال کرگئے

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی گلزار خان پشاور میں انتقال کرگئے

پشاور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور سابق بیورو کریٹ گلزار خان مختصر علالت کے بعد پشاور میں انتقال کر گئے۔رکن قومی اسمبلی گلزار خان کو گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد سے وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔گلزار خان پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 4 سے 2013 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔رکن قومی اسمبلی بننے سے پہلے گلزار خان بیوروکریسی میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور بحیثیت بیورو کریٹ اپنی سروس کے دوران وہ ڈپٹی کمشنر پشاور، پولیٹیکل ایجنٹ برائے جنوبی وزیرستان اور چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین رہ چکے تھے۔گلزار خان کا شمار تحریک انصاف کے منحرف ارکان میں ہوتا تھا اور خیبر پختونخوا میں چند وزرا سے اختلافات کے باعث وہ پارٹی قیادت سے ناراض تھے جبکہ 2014 کے دھرنے کے دوران انہوں نے چند دیگر منحرف ارکان کی طرح اسمبلی رکنیت چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی گلزار خان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، 'رکن قومی اسمبلی گلزار خان کی اچانک وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا، اللہ مرحوم کے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے'۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شفقت محمود نے بھی مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

انتقال

مزید : صفحہ آخر