مظفر آباد ، بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 3افراد شہید ، 2زخمی ، پاکستان کا احتجاج

مظفر آباد ، بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 3افراد شہید ، 2زخمی ، ...

مظفر آباد (این این آئی)آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب نیزاپور سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر چوہدری خالد حسین نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نیزاپور سیکٹر کے گاؤں فتح پور میں اتوار کی شب 10 بجے سے 11 بجے کے دوران شیلنگ کی گئی جہاں پر دو افراد شہید ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ ایک شیل 65 سالہ ریٹائرڈ اسکول ٹیچر شیخ مشتاق کے گھر پر گرا جس کے نتیجے میں ان کے 32 سالہ بیٹے نوید اور 20 سالہ بیٹی اسما جاں بحق ہوگئیں۔جاں بحق ہونے والے نوید فوٹو کاپی کی دکان چلا رہے تھے جبکہ ان کی بہن بی ایس سی کی طالبہ تھیں۔ڈپٹی کمشنرخالد حسین نے بتایا کہ شیخ مشتاق اور ان کی اہلیہ نسیمہ بیگم اور 25 سالہ بیٹا انصار شدید زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے ضلع حویلی کے فارورڈ کہوٹہ منتقل کیا گیا جہاں رات گئے دوران علاج انصار دم توڑ گیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے نیزاپور سیکٹر میں دن کے وقت بھی شیلنگ کی تھی تاہم اس دوران کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔آزاد کشمیر کے وزیراطلاعات راجا مشتاق منہاس نے بھارتی شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بربریت کی انتہا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے ایل او سی کے قریب بسنے والے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔دریں اثناء پاکستان نے بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔ دفترخارجہ کے مطابق ڈی جی برائے جنوبی ایشیاء اور سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے، پی ، سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی افواج کی جانب سے روالا کوٹ کی سرحد پر بلااشتعال فائرنگ سے تین شہریوں کی شہادت اور دو کو زخمی کئے جانے پر احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا سرحدوں پر بلااشتعال فائرنگ کرنا کسی بھی ملک کی خودمختیار ی کو للکارنا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا بھارت اپنی حرکتوں سے باز رہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پابند ی کرے۔

3 افراد شہید

مزید : صفحہ اول