امریکہ حکام کی جانب سے بھاری جرمانہ ، حبیب بینک کا نیو یارک میں ن برانچ بند کرنے کا فیصلہ
کراچی، نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)نجی بینک حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) نے امریکی حکام کی جانب سے بھاری جرمانہ عائد کئے جانے کے باعث نیویارک میں اپنی برانچ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو حبیب بینک کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق بینک نے امریکی شہر نیویارک میں اپنا آپریشن بند کرنے کا فیصلہ امریکی مالیاتی نگراں ادارے کی جانب سے تقریباً 63 کروڑ ڈالر کا بھاری جرمانہ عائد کیے جانے کے بعد کیا۔خط کے مطابق نیو یارک کے ڈپارٹمنٹ آف فنا نشل سروسز (ڈی ایف ایس) کی جانب سے 62 کروڑ 96 لاکھ 25 ہزار ڈالر کے قانونی نوٹس پر امریکی عدالت سے رجوع کیا جائے گا، جبکہ جبکہ بینک نے جرمانے کے فیصلے پر نظرثانی کے لئے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو اپیل بھی کردی ہے۔امریکی حکام نے دسمبر 2015 میں حبیب بینک کی نیویارک برانچ کیخلاف رِسک مینجمنٹ میں کمی اور اینٹی منی لانڈرنگ کمپلائنس پروگرام کی وجہ سے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔حبیب بینک کے مذکورہ خط میں بتایا گیا ہے کہ بینک کے مخلص اور وسیع پیمانے پر اصلاحاتی اقدامات کے باوجود بھی نیویارک کے ڈی ایف ایس نے بینک کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔خط میں کہا گیاہے کہ بینک بھرپور طریقے سے امریکی عدا لت میں قانونی کارروائی کا مقابلہ کرے گا۔امریکی فیڈرل ریزرو نے ایچ بی ایل کو ڈالر سے متعلقہ کسی بھی طرح کی لین دین کو کلیئر قرار دینے سے روک دیا تھا جبکہ ڈالر سے متعلقہ اکاؤنٹس کھولنے پر بھی پابندی عائد کردی تھی، تاہم حبیب بینک نے وضاحت کی تھی کہ بینک اپنے امریکی لائسنس کیساتھ کام جاری رکھے گا۔واضح رہے نیویارک میں موجود پاکستان کے نجی بینک حبیب بینک لمیٹڈکی برانچ پر ڈپا ر ٹمنٹ آف فنانشل سروسز نے کمپلائنس پروگرام کی خلاف ورزی کرنے پر 62 کروڑ 96 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کردیا،جرمانے کی زد میں آنیوالے نجی بینک نے جرمانے سے متعلق پاکستان سٹاک ایکسچینج کو تحریری طور پر آگاہ کردیا۔
حبیب بنک فیصلہ