آزاد کشمیر کی 5لاکھ آبادی بھارتی فائرنگ کی زد میں ہے : فاروق حیدر

آزاد کشمیر کی 5لاکھ آبادی بھارتی فائرنگ کی زد میں ہے : فاروق حیدر

مظفرآباد(بیورورپورٹ)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے 13انتخابی حلقے لائن آف کنٹرول پر واقع ہیں، آزاد کشمیر کا 7سو کلومیٹر علاقہ جو 16تحصیلوں،231دیہاتوں اور 5لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل ہے براہ راست قابض بھارتی افواج کی زد میں ہے۔ قابض ہندوستانی فوج کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کے ایل او سی کے عوام کو پیچھے دھکیل دیا جائے تاکہ ہماری ڈیفنس لائن کمزور ہو۔ فوجیں عوام کی حمایت سے جنگیں لڑتی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی عوامی حمایت حاصل نہیں اس لیے اسے سخت مزاحمت اور شکست کا سامنا ہے۔ کشمیر میں ہندوستان کی فوج کی حیثیت قابض فوج کی ہے جبکہ پاکستان کی فوج کی حیثیت محافظ فوج کی ہے۔ حکومت آزا دکشمیر بھارتی فائرنگ کے متاثرین کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ بجٹ میں متاثرین بھارتی فائرنگ کے لیے 74ملین روپے مختص ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن اسمبلی چوہدری یاسین گلشن، اپوزیشن رکن اسمبلی ملک محمد نواز کی طرف سے پیش کر دہ توجہ طلب نوٹسز پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت ہمارا دشمن ہے اس کی ہر ممکن کوشش ہے کہ ہمارے دفاع کمزور ہو لائن آف کنٹرول کی سویلین آبادی کو نشانہ بنان کے پیچھے بھارت کے مروہ عزائم کار فرما ہیں۔ بھارتی فوج ایل او سی کے عوام کو پیچھے دھکیلنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ بھارت چاہتا ہے کہ مسلح افواج پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے سویلین عوام پیچھے ہٹ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے گزشتہ روز میں حویلی، کوٹلی، چکوٹھی کھلانہ اور دیگر اضلاع میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس سے شہادتیں ہوئیں، کئی افراد زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔ ہم بھارت پر واضح کر دیا چاہتے ہیں کہ ایل او سی کے عوام بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اس کے مکروہ عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام دفاع وطن کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ بشانہ ہیں اور اس عظیم مقصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر لائن آف کنٹرول کے متاثرین کو سہولیات کی فراہمی اور معاوضہ جات کی ادائیگی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ایل او سی کے عوام ہمارا دفاعی حصار ہیں ان کے لیے تمام تر وسائل حاضر ہیں۔ ایل او سی کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اراکین اسمبلی اپنے اپنے حلقوں کے متاثرین بھارتی فائرنگ کو سہولیات اور ضروریات کی فراہمی کے لیے پر پوزل بنا کر بھیجیں تاکہ ان تجاویز کی روشنی میں متاثرین بھارتی فائرنگ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجٹ میں متاثرین کنٹرول لائن کے لیے صلہ ایثار کے نام سے ایک نئی مد متعارف کرائی ہے اور اس مد میں حکومت کی طرف سے خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ صلہ ایثار پروگرام میں مخیر حضرات اور دوسرے اداروں سے بھی تعاون کریں گے۔ حالات کو مد نظر رکھ کر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھارتی فائرنگ کے متاثرین کی فوری بحالی کے لیے ایمرجنسی پلان ترتیب دے رکھا ہے اس پلان کی تحت متاثرین کو ضروریات زندگی کی تمام اشیاء مہیا کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوے کی دہائی میں بھی عوام کے مالی نقصان کے ازالے کا تخمینہ مرتب شدہ ہے ہماری پوری کوشش ہے کہ وہ ادائیگی یقینی بنا سکیں تقریباً52کروڑ روپے کی رقم اس کے لیے درکار ہے جو کشمیر کونسل کو پرپوزل بنا کر بھیج رہے ہیں

مزید : کراچی صفحہ اول