تحریک انصاف کے ضیاء اللہ آفریدی پیپلز پارٹی میں شامل
اسلام آباد/پشاور(اے این این)آصف علی زرداری کاکم بیک،خیبرپختونخوا میں کپتان کی اہم وکٹ گرادی ، ضیاء اللہ آفریدی نے تحریک انصا ف چھوڑکرپیپلز پارٹی میں شمولیت اختیارکرلی،ادھرترجمان خیبرپختونخواحکومت شاہ فرمان نے ضیاء اللہ آفریدی کرپٹ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ وہ پیپلز پارٹی ہی ان کیلئے ہی موزوں جماعت تھی ۔میڈیارپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر اور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور باضابطہ طور پر تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی اور صوبائی صدر ہمایوں خان بھی موجود تھے۔اس موقع پرضیاء اللہ آفریدی نے کہاکہ وہ دن رات پارٹی کیلئے کام کریں گے ۔آصف علی زرداری اوربلاول بھٹوزرداری نے ضیاء اللہ آفریدی کی پارٹی میں شمولیت کاخیرمقدم کیاہے ۔ادھرتحریک انصاف کی خیبرپختونخواحکومت کے ترجمان شاہ فرمان نے ضیاء اللہ آفریدی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پرردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ضیاء اللہ کرپشن میں ملوث تھے اور ضمانت پر بھی ہیں وہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کے پورے کوائف رکھتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہی ضیاء اللہ آفریدی کیلئے موزوں جماعت ہے ضیاء اللہ تحریک انصاف سے 2015ء سے لاتعلق تھے ۔
ضیاء اللہ آفریدی