کراچی ،عید قربان پر استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

کراچی ،عید قربان پر استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) عید قربان پر استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا ۔ عام مارکیٹوں کیساتھ ساتھ بچت بازار وں میں مصالحہ جات اور سبزی کی دوگنی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں ۔ شہری اضافی قیمتوں پر اشیاء ضرورت خریدنے پر مجبور نظر آتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق عید قربان کے قریب آتے ہی کھانے میں استعمال ہونے والی اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ اس سلسلے میں ہفتہ ، اتوار اور پیر کے سٹی گورنمنٹ کے زیر انتظام لگنے والے بچت بازاروں میں کیے گئے سروے میں دیکھنے میں آیا کہ پیاز ، آلو ٹماٹر ، ادرک اور لہسن سمیت دھنیا اور پودینا کی قیمتوں میں 60 فیصد سے سو گنا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ دو ہفتے قبل میں پیاز کی قیمت 20 روپے کلو تھی اور اب 40 سے 50 روپے کلو ہے ۔ آلو کی قیمت 20 سے 40 روپے کلو ، ٹماٹر 30 سے ا ب 80 روپے کلو ، ادرک 180 روپے سے 300 روپے کلو تک ، لہسن 160 روپے سے 250 روپے کلو ، ہری مرچ کی قیمت 80 روپے سے 160 روپے کلو اور لیموں 160 روپے سے 240 روپے کلو جبہ دھنیا اور پودینہ کی گڈی جو 5 روپے میں فروخت ہوتی تھی اب ان بچت بازاروں میں 20 روپے کی فروخت ہو رہی ہے ۔ بازار میں موجود سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کرنے میں ان کا قصور نہیں ۔ سبزی منڈی سے جس قیمت پر ہم خریدیں گے ، اسی حساب سے ہم فروخت کریں گے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بچت بازار ضلعی انتظامیہ کے زیر سرپرستی لگائے جاتے ہیں ہم یہ سوچ کر یہاں آتے ہیں کہ ہمیں عام بازار سے کم قیمت پر اشیاء ضرورت میسر ہو گی مگر ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندے قیمتوں کے کنٹرول میں ناکام نظر آتے ہیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر