آزادکشمیر قانون سازاسمبلی کااجلاس،پینل آف چیئرمین کااعلان

آزادکشمیر قانون سازاسمبلی کااجلاس،پینل آف چیئرمین کااعلان

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز سپیکر آزا دجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کی صدارت میں تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے ممبران اسمبلی چوہدری محمد مسعود خالد ، عبدالرشید ترابی اور چوہدری یاسین گلشن پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا ۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی آزاد کشمیر چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ کے والد گرامی کی وفات ، لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والوں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزاد ی کی جدوجہد میں شہید ہونے والوں کے لئے ممبراسمبلی پیر علی رضا بخاری نے فاتحہ خوانی کروائی ۔ آزاد جموں وکشمیر اسمبلی کے اجلاس میں ممبر اسمبلی راجہ محمد عبدالقیوم خان کے ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ بیسک ہیلتھ یونٹ نڑان شریف کی Authorizationکل آٹھ (8)آسامیاں ہیں اور جن میں میڈیکل ٹیکنیشن ، جونیئر ٹیکنیشنز پروینٹو گیئر و دیگر درجہ چہارم کیڈرز کے ملازمین شامل ہیں سب حاضر ڈیوٹی ہیں ۔ مذکورہ مرکز کی ایمبولینس کیری ٹاس نامی این جی اوز کی جانب سے Donatedپوٹھوہار سوزوکی ، جیب ؍ایمبولینس نمبر RIL2164قابل مرمتی ہے جسے مرمت کرواتے ہوئے اندر ایک ہفتہ BHUنڑاں شریف بھیجا جارہا ہے ۔ BHUنڑاں شریف کیلئے تاحال ڈرائیور کی آسامی تخلیق ؍منظور شدہ نہ ہے ۔ سنٹر زلزلہ میں تباہ ہوگیا تھا اور دوبارہ تعمیر ہوا۔ زلزلہ سے پہلے 5آسامیاں تھیں اب آسامیوں میں اضاضہ کیا گیا ہے اور 5سے بڑھا کر 8آسامیاں رکھی گئی ہیں۔ ممبر اسمبلی ملک محمد نواز کے سوال کے جواب میں وزیر صحت عامہ نے کہا کہ یہ درست نہ ہے کہ حکومت پاکستان نے کوٹلی کیلئے 400بستر ہسپتال کی تعمیر کی منظوری دی ہے ۔بلکہ کوٹلی کیلئے 100بستر ہستپال کی منظوری دی ہے وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی زیر صدارت مورخہ 20ستمبر 2016کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں محکمہ صحت عامہ کی طرف سے مجوزہ موزونیت ؍محکمانہ رضا مندی کے ضمن میں تجویز دی گئی کہ ضلع کوٹلی کے 100بستر ہسپتال کیلئے رقبہ خالصہ سرکار موضع سرساوہ ( تعدادی 156کنال 19مرلہ ) مجوزہ ہسپتال کی تعمیر کیلئے موزوں ہے ۔ کیونکہ وفاقی حکومت ہسپتال کی تعمیر کیلئے درکار اراضی کی خرید کیلئے فنڈز فراہم نہ کر رہی ہے اس لئے خالصہ سرکار اراضی (جو 100بستر ہسپتال کی تعمیر کیلئے موزوں ہے ) تجویز کی گئی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر