فوجی فاؤنڈیشن سکول جھاٹلہ میں سول ڈیفنس ایمرجنسی ماک ایکسر سائز

فوجی فاؤنڈیشن سکول جھاٹلہ میں سول ڈیفنس ایمرجنسی ماک ایکسر سائز

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) فوجی فاؤنڈیشن سکول جھاٹلہ دھماکوں سے گونج اٹھا ۔ فوجی فاؤنڈیشن سکول جھاٹلہ میں سول ڈیفنس ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کا انعقاد۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس چکوال کے زیراہتمام فوجی فاؤنڈیشن سکول جھاٹلہ میں گورنمنٹ آف پنجاب اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر کی ہدایات پر ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں تمام الائیڈ سروسز نے حصہ لیا تاہم محکمہ سی ٹی ڈی ، سپیشل برانچ، سوئی گیس،ٹیلیفون ، آئیسکو اور ٹریفک پولیس چکوال کی ٹیمیں ایمرجنسی کی صورت میں موقع پر نہ پہنچ سکیں ۔ دھماکے کی وجہ سے زخمی بچوں کو ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے ہسپتال شفٹ کیا ۔ ایمرجنسی ماک ایکسر سائزکے دوران سو ل ڈیفنس بم ڈسپوزل اسکواڈ ، پولیس ، ایلیٹ فورس ، ریسکیو 1122، اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن و دیگر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس سے فوری طور پر رابطہ کیا اور امداد طلب کی۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ سول ڈیفنس ، پنجاب پولیس اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینس نے جائے وقوعہ پر رپورٹ کی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی اور انہیں قریبی ہسپتال میں شفٹ کیا گیا ۔ سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے فوراً جائے وقوعہ کی سرچنگ اور سویپنگ کے دوران دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنایا۔ایمر جنسی ماک ایکسر سائز کے دوران ایلیٹ پولیس / کمانڈونے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے انہیں پکڑ لیا۔ اس موقع پر چھوٹے پیمانے لگی ہوئی پٹرول کی آگ کی ریسکیو 1122 کے فائر فائٹر نے مٹی ، ریت اور فائر ایکسٹینشرکے ذریعے بجھا دیا۔ ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کے اختتام پرطالب حسین سول ڈیفنس آفیسر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کو سراہا اور تمام محکموں کے کوئیک رسپانس پر خراج تحسین پیش کیاجبکہ غیر حاضر محکموں کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ۔ہیڈماسٹر فوجی فاؤنڈیشن سکول جھاٹلہ لیفٹیننٹ کرنل(ر) عبدالرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایمرجنسی ماک ایکسرسائز کا مقصد کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں زیادہ بہتر طریقے سے کام کرنا ہے اوراس ایمرجنسی ماک ایکسائز کے ذریعے ہم نے یہ سیکھا ہے کہ ہنگامی صورت میں کیسے کام کرنا ہے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں کس محکمے سے رابطہ کرنا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر