سبکدوش 3 پولیس آفیسرز کے اعزاز میں الوداعی پارٹی

سبکدوش 3 پولیس آفیسرز کے اعزاز میں الوداعی پارٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(کرائمز رپورٹر) خیبر پختونخوا پولیس کی ملازمت سے پچھلے دنوں سبکدوش ہونے والے 3 ایس پیز کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان ، ایڈیشنل آئی جی پیز ہیڈ کوارٹرز، سپیشل برانچ، آپریشن، کمانڈنٹ ایف آر پی، چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، اے آئی جی اسٹیبلشمٹ اور سی پی اُو میں تعینات تمام افسروں نے تقریب میں شرکت کی۔ تین ایس پیز جو گذشتہ 3 سے 4 دھائیوں تک خیبر پختونخوا پولیس میں مختلف عہدوں پر فرائض دیتے ہوئے ملازمت سے سبکدوش ہو گئے ان میں ایس پی عبدالوحید خان، ایس پی حبیب اللہ خان اور ایس پی عزیز محمدشامل تھے۔ انہوں نے سروس کے دوران کئی اُتار چڑھاؤ دیکھے اور دہشت گردی کا عفریت کا بھی سامناکیا تاہم انہوں نے اپنی مقدور بھر عوام کی خدمت کی اور محکمے کے وقار کو بلند رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی صلاح الدین خان نے سبکدوش ہونے والے تمام افسران کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ وہ زندگی کا مشکل ترین مرحلہ بغیر داغ دھبے کے بخوبی سرانجام دیکرعزت اوراچھی صحت کے ساتھ رخصت ہوئے۔ اصل پولیسنگ فیلڈ میں رہ کر کیجاتی ہے اور انہوں نے زندگی کا پرائم ٹائم فیلڈ میں رہ کر اپنے مخصوص کلچرل کے اندر رہتے ہوئے ہر قسم کے دباؤ سے آزاد ہو کر عوام کی خدمت کی۔ آئی جی پی نے سبکدوش ہونے والے تمام افسروں کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے تجربے سے فورس کو مستفیدکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں سبکدوش ہونے والے افسروں نے باری باری اسٹیج پر آکر اپنی طویل ملازمت کے دوران مختلف پوسٹوں پر سرانجام دینے والے خدمات، چیدہ چیدہ واقعات، قانون کی بالادستی بنانے ، درپیش چیلنجز اور ان سے بطریق احسن نمٹنے کے واقعات مختصر پیرائے میں بیان کئے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی ،یک جہتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ اس موقع پر آئی جی پی نے سبکدوش ہونے والے ایس پز کو یادگاری پولیس شیلڈز اور تحائف بھی پیش کئے۔