’’بھارتی شہر ممبئی ڈوب گیا ‘‘مسلسل طوفانی بارش نے 12 سال پرا نا ریکارڈ توڑ دیا ،ذرائع آمد و رفت کے تمام راستے بند،شہری شدید مشکلات کا شکار

’’بھارتی شہر ممبئی ڈوب گیا ‘‘مسلسل طوفانی بارش نے 12 سال پرا نا ریکارڈ توڑ ...
’’بھارتی شہر ممبئی ڈوب گیا ‘‘مسلسل طوفانی بارش نے 12 سال پرا نا ریکارڈ توڑ دیا ،ذرائع آمد و رفت کے تمام راستے بند،شہری شدید مشکلات کا شکار

  


ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے بڑے شہر ممبئی میں گزشتہ دوروز سے جاری مسلسل بارش نے سنگین صورت حال اختیار کرلی ہے ، 12 سال کے طویل وقفے کے بعد مون سون کی سب سے طوفانی بارش نے ممبی کو مکمل طور پر ڈبو دیا ہے جبکہ 2005 کے بعد ہونی والی اس طوفانی بارش سے آمدو رفت کے تمام ذرائع بند اور شہریوں کی مشکلات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے ،بھارتی محکمہ موسمیات نے مزید 24 گھنٹے بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے مودی سرکار کے ساتھ عام آدمی کو گہری تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔

ہندوستانی نجی ٹی وی چینل  ’’انڈو ٹی وی ‘‘ کا کہنا ہے کہ یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں ہے کہ  گذشتہ دو روز سے جاری بارش ممبئی میں رواں سال ہی نہیں بلکہ 2005  کے بعد سے لیکر اب تک مون سون کی سب سے خطرناک بارش تصور کی جا رہی ہے  جس کی وجہ سے ممبئی شہر مکمل  طور  پر  ڈوب چکا ہے جبکہ  آمدورفت کے سبھی ذرائع بند ہونے کی وجہ سے بھی شہریوں کی مشکلات میں شدید  اضافہ ہو چکا ہے۔ممبئی میں ہونے والی طوفانی بارش کی وجہ سے سڑکیں ندی نالوں اور بھپرتے دریاؤں کا روپ دھار چکی ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں شہری ٹریفک جام میں پھنس چکے ہیں جبکہ ممبئی کی شہ رگ کہی جانے والی لوکل ٹرینوں کے تینوں روڈ بند پڑچکے ہیں ،پٹریاں ڈوب جانے کی وجہ سے تینوں مضافاتی لائن متاثر ہوئی ہیں اور لاکھوں مسافر سٹیشنوں اور ٹرینوں میں پھنس گئے ہیں جبکہ ممبئی ہوائی اڈے سے پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے ۔بھارتی  محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی  بارشوں  کا یہ سلسلہ ابھی جاری رہیگا اور 24 گھنٹوں تک  مسلسل بارش جاری رہنے کا  خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری طرف حکومت نے شہریوں سے کہا ہے کہ اہم اور ضروری  کام کے سبب ہی گھر سے باہر نکلیں جبکہ طوفانی بارشوں کی وجہ سےتعلیمی ادارے بھی تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق قلابہ میں 151ملی میٹر اور سانتاکروز میں 88.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید : بین الاقوامی