شوبز شخصیات کا ڈیم فنڈز میں عطیات جمع کرانے کا اعلان
لاہور(فلم رپورٹر)شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروانے کا اعلان کیا ہے ۔اس حوالے سے ،سینئر اداکارہ بابرہ شریف نے پہل کرتے ہوئے گزشتہ دنوں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو ڈیم فنڈ کے لئے 10لاکھ روپے کا چیک دیاتھا۔بابرہ شریف کا کہنا تھاکہ میں نے ڈیم فنڈ کے لئے 10 لاکھ روپے کا چیک دیا ہے، سب فنکاروں کو اس نیک کام میں آگے بڑھنا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، ہرشخص کو اس ملک کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ ملک کے لئے ضروری ہے، اس کے لئے ہرشخص کو زیادہ نہیں تو 10 روپے تو عطیہ کرنے چاہیے۔بابرہ شریف کے بعد جن فنکاروں نے ڈیم فنڈ میں عطیہ جمع کروانے کا اعلان کیا ہے ان میں میلوڈی کوئین آف ایشیاء پرائڈ آف پرفارمنس گلوکارہ شاہدہ منی، احسن خان،صائمہ نور،میگھا،ماہ نور،افتخار ٹھاکر،ثناء،میرا،سہراب افگن،ظفر عباس کھچی،نیلم منیر خان،رزکمالی،عمران اشرف،ڈائریکٹر دلاور ملک،سٹار میکر جرار رضوی،اچھی خان،موسیقار رفیق حسین،راحیلہ آغا،ببرک شاہ،مایا سونو خان،ہانی بلوچ ،عباوس باجوہ،ڈائریکٹر عتیق الرحمن،اشعر اصغر،گلوکار انور رفیع،پروڈیوسر و پروموٹر یار محمد شمسی صابری ،گلوکار ظفر اقبال نیویارکر اور دیگر شامل ہیں۔ان فنکاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت بہت سارے مسائل میں گھرا ہوا ہے ان میں سب سے اہم مسئلہ پانی کا ہے ہمارے ملک کو اس وقت پانی کی زبردست قلت کا سامنا ہے اس مسئلہ کے حل کے لئے ہمیں فوری طور پر نئے ڈیمز کی ضرورت ہے جن کی تعمیر کے لئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے اس لئے ہم سب کو ڈیم فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کروانے ہوں گے تاکہ ہمارا پیارا وطن پاکستان اس مشکل سے نکل سکے۔فنکاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ دشمن جتنی مرضی سازشیں کرلے وہ ہمیں کسی صورت بھی شکست نہیں دیتا پاکستانی قوم کا ماضی گواہ ہے کہ اس نے ہمیشہ اتحاد و اتفاق سے ہر مشکل کو زیر کیا ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان کے ڈیم بنانے کے اقدام کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے پوری قوم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ۔پاکستان کے سبز حلالی پرچم کے سائے تلے ہم ایک تھے اور ایک ہی رہیں گے۔