خواتین کو جدید علم وہنر سے آراستہ کرکے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے، سعدیہ سہیل

خواتین کو جدید علم وہنر سے آراستہ کرکے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے، سعدیہ سہیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کی خوشحالی خواتین کی ترقی اور فلاح وبہبود سے جڑی ہوئی ہے اگر ہمارے ملک کی خواتین جدید علم وہنر سے آراستہ ہوں گی تو ہمارا ملک اقوام عالم میں ترقی کی منازل طے کرے گا۔ہمیں خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ خواتین ونگ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کا جذبہ رکھنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ایسے اقدامات کئے جائیں گے جس سے خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ پاکستان کی خواتین زندگی کے کسی شعبے میں بھی مردوں سے پیچھے نہیں ہیں بلکہ تعلیمی میدان میں طالبات کی پرفارمنس ہم سب کے لیے قابل رشک اورقابل فخر ہے۔تعلیم،صحت اور دفاع کے شعبے ہوں یا سیاست اورکھیل کے میدان ،ہماری ملک کی خواتین نے ہر جگہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا ہے۔حکومت پنجاب خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے جامع اور دوررس اصلاحات کرے گی۔ تا کہ خواتین کے سماجی ،معاشی و قانونی حقوق کا تحفظ کر کے انہیں بااختیاربنایا جائے۔