ایشین گیمز ، پاکستان کی والی بال میں بھارت کو شکست

ایشین گیمز ، پاکستان کی والی بال میں بھارت کو شکست

  

 جکارتہ (اے پی پی) اٹھارہویں ایشین گیمز مینز انڈور والی بال ٹورنامنٹ میں پاکستان نے کلاسیفکیشن کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے دی، بیس بال ایونٹ میں پاکستان کو چین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں جاری میگا گیمز میں منگل کو کھیلے گئے والی بال ایونٹ میں ساتویں سے بارہویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن کوارٹر فائنل میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کو 3-1 سیٹس سے شکست دے کر کلاسیفکیشن سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ چین سے ہو گا۔ دوسری جانب بیس بال ایونٹ میں پاکستان کو چین کے ہاتھوں 3 کے مقابلے میں 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اٹھارہویں ایشین گیمز سکوائش مینز ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے فلپائن کو شکست دے کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، ویمنز ٹیم کو متواتر تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈونیشیا میں جاری میگا گیمز میں منگل کو کھیلے گئے مینز ٹیم ایونٹ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فلپائن کو 3-0 سیٹس سے ہرا کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی، پاکستانی کھلاڑیوں محمد عاصم، طیب اسلم اور اسرار احمد نے فلپائنی کھلاڑیوں کو ہرا کر ٹیم کو 3-0 سے کامیابی دلائی، گرین شرٹس نے اس سے قبل پہلے میچ میں جاپان اور دوسرے میچ میں نیپال کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا چوتھا گروپ میچ آج بدھ کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔ دوسری جانب سکوائش ویمنز ٹیم ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کو متواتر تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جاپان ویمن نے پاکستان ویمن کو 3-0 سے زیر کیا، پاکستانی ویمن ٹیم چوتھے اور آخری گروپ میچ میں کل جمعرات کو فلپائن کے مدمقابل ہو گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -