تیسرا ٹیسٹ ہارنے کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے،ایلسٹر کک

تیسرا ٹیسٹ ہارنے کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے،ایلسٹر کک

  

لارڈز (اے پی پی) انگلش ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک نے کہا ہے کہ بھارت کے ہاتھوں تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو چوتھے میچ میں شکست دیکر نہ صرف میچ میں کامیابی حاصل کرینگے بلکہ سیریز 3-1 سے اپنے نام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حریف ٹیم کے خلاف تیسرے میچ میں ہونے والی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے کامیابی حاصل کرینگے۔ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان چوتھا ٹیسٹ (کل) جمعرات سے شروع ہو گا اور میزبان ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شکست پر دلبرداشتہ نہیں ہوئے بلکہ پوری ٹیم کی تمام تر توجہ سیریز کے آئندہ دو میچوں پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم نے تیسرے میچ میں ہم سے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ ایلسٹر کک نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے تیسرے میچ میں شکست سے ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، ٹیم نے مہمان ٹیم کے خلاف چوتھے میچ کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے اور میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ ایلسٹر کک نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ بلاشبہ بھارتی ٹیم کا شمار ٹیسٹ کی نامور ٹیموں میں ہے اور اس کو آئندہ میچوں میں شکست دینے کے لئے تمام کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -