اسلام مخالف اقدامات روکنے کیلئے مسلم ممالک کا مضبوط اتحاد نا گزیر ہے ‘ میاں عثمان

اسلام مخالف اقدامات روکنے کیلئے مسلم ممالک کا مضبوط اتحاد نا گزیر ہے ‘ میاں ...

  

لاہور( پ ر)مسلم لیگ (ن) لاہور کی مشاورتی کونسل کے ممبر میاں عثمان نے کہا ہے کہ مغربی دنیا کے اسلام مخالف اقدامات کو روکنے مسلمان ممالک کا مضبوط اتحاد نا گزیر ہے ، ہالینڈ کی جانب سے گستاخانہ مواد کی نمائش کا اعلان عالمی امن کے خلاف گھناؤنی سازش ہے جس کا عالمی برادری کو سختی سے نوٹس لینا چاہیے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا نے آزادی اظہار کے نام پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اقدامات کو اپنا مشغلہ بنا لیا ہے جو قابل مذمت ہے ۔ امت مسلمہ میں اتحاد نہ ہونے اور سازشو ں کی وجہ سے ہم تنزلی کا شکار ہیں۔ اگر ہم نے مغربی دنیا کو بھرپوراور موثر جواب دینا ہے تواس کیلئے مضبوط اتحاد قائم کرناہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ناموس پر ہماری جان بھی قربان ہے اور ہالینڈ کے حالیہ اعلان کے خلاف ہرسطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے میں یکسر ناکام رہا ہے اس لئے اس کی نئے سرے سے تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

میاں عثمان نے کہا کہ پاکستانی قوم ہالینڈ کی جانب سے گستاخانہ مواد کی نمائش کے اعلان کے خلاف سراپا احتجاج ہے اورمطالبہ ہے نہ صرف اس سے دستبرداری کا اعلان کیا جائے بلکہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر امت مسلمہ سے معافی بھی مانگی جائے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -