گردہ سکینڈل میں ملوث ملزمہ کی ضمانت میں توسیع،تفتیشی افسر سے 31اگست تک جواب طلب
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے گردہ سکینڈل میں ملوث خاتون ملزمہ شمیم عرف شیما کی درخواست ضمانت پر توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے 31 اگست کو رپورٹ طلب کر لی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی گونل نے ملزمہ کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت کی سماعت کی ،ملزمہ شمیم عرف شیما کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کررکھا ہے ، ملزمہ نے قبل از گرفتاری ضمانت کے لئے سیشن عدالت میں درخواست دائر کررکھی ہے ،ملزمہ پر گردوں کی غیر قانونی ٹرانسپلانٹ میں معاونت کرنے کا الزام ہے ،ملزمہ ڈاکٹر عزیز الرحمن کے ہیلتھ کیئر کلینک میں کام کرتی تھی ،ملزمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ کا نام مقدمہ میں شامل نہیں پھر بھی اس پر معاونت کا الزام لگایا جا رہا ہے، ایف آئی اے گرفتار کرنا چاہتی ہے، عدالت نے ملزمہ کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں مزید توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے ملزمہ بارے 31 اگست تک رپورٹ طلب کر لی ہے۔