ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ عوام پر ظلم ہے ،علامہ ناظرعباس

ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ عوام پر ظلم ہے ،علامہ ناظرعباس

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ مجلس عمل سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ سیدناظرعباس تقوی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمداسلم غوری اورسیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر 5 روپے اضافہ پر اظہارتشویش کرتے ہوئے اسے غریبوں کے چولھے ٹھنڈے کرنے کی سازش قراردیا ہے۔ انہوں نے آج ایک مشترکہ بیان میں اوگرا نوٹیفیکیشن کے بغیر 4 مرتبہ من مانہ اضافہ کا نوٹس لیکر عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لوکل ایل پی جی پروڈیوسر گیس مافیا نے یہ چند دنوں میں تیسرا اضافہ کیا ہے جس کے بعد اب گھریلو سلنڈر 60 روپے اور کمرشل 120 روپے مہنگا ہوگیاہے جبکہ کراچی میں 150 روپے سے لیکر ملک بھر میں190 روپے تک ایل پی جی کی قیمت فی کلو ہو گئی ہے۔ عوام پہلے ہی بجلی ، مہنگائی بے روزگاری کا رونا رو رہے تھے اب ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے ان کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی جائیں گی۔ مجلس عمل کے رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ وہ کفایت شعاری کے ساتھ مہنگائی کو کم اور پیٹرول سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کریں گے مگر ایل پی جی کی قیمتوں اور موٹر وے ٹول ٹیکس میں حالیہ اضافہ ان کے دعووں کی سراسر نفی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی حالیہ قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کر کے حکمران قوم سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کریں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -