اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ کی گرانفروشوں اور تجاوزات کیخلاف کارروائی،4 گرفتار

اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ کی گرانفروشوں اور تجاوزات کیخلاف کارروائی،4 گرفتار

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گل بانو نے کوہاٹ کے مختلف بازاروں میں پرائس چیکنگ کی اور سٹرکوں پر کی گئی عارضی تجاوزات کابھی خاتمہ کرادیا۔گزشتہ روزگل بانو نے 40 دکانوں کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کے نرخ چیک کئے ۔اس موقع پر خلاف ورزی کرنے والے اور سرکاری نرخوں سے زائد وصول کرنے پر 3 دکانداروں کے خلاف فوڈ سٹف کی دفعہ3/6 کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔یاد رہے کہ یہ کارروائی ٹیسٹ پرچیز کرنے کے بعدکی گئی۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر نے مین بازار میں واقع جناح پلازہ سے لے کر کوچہ رحمانیہ تک کی گئی عارضی تجاوزات کو بھی ختم کرادیاجبکہ خلاف ورزی کرنے والے 15 مالکان پر تجاوزات ایکٹ کی دفعہ 3/8 کے تحت مقد مات درج کرلئے گئے جن میں سے4 مالکان کو اسسٹنٹ کمشنر کی عدالت میں پیش کرنے کے لئے مقامی پولیس کے حوالے بھی کیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گل بانو نے دکانداروں کو سختی سے تاکید کی کہ وہ سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنائیں اور تجاوزات سے گریز کریں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -