عمران خان کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے‘ مہر سلطانہ

عمران خان کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے‘ مہر سلطانہ

  

پشاور (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری مہر سلطانہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے قول و فعل میں ہمیشہ سے تضاد رہا ہے، خیبر پختونخوا کو تبدیل کر نہ سکے ملک کو کیسے سنمبھالینگے، تمام دعوے زبانی جمع خرچ ہیں اور یہ قوم دیکھ لے گی وقت ثابت کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ مہر سلطانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے منشور پر عمل کیا اور اپنے وعدوں کا پاس رکھتے ہوئے مخلصانہ کوشش کی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ یو ٹرن اختیار کیا۔ پہلے پختونخوا کے لوگوں کو سبز باغ دکھا کر اندھیرے میں رکھا اب وہی کام پورے ملک کیساتھ کیا جارہا ہے۔ سادگی اور کفایت شعاری اپنانے کے دعوے ہوا میں اڑ گئے کیونکہ عمران خان تین منٹ کا سفر بھی ہوا میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرتے ہیں۔ کالا باغ ڈیم پر اب انکی زبان ہی نہیں کھلتی، سو دن کے دعوے کرتے ہیں سو سالوں میں پورے نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرضہ لینے پر ہر وقت حکومتوں کو برا کہنے والے آج خود آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں۔ سیاست کوئی کھیل نہیں انتہائی اہم ترین ذمہ داری ہے جسے تحریک انصاف نبھانے میں ابھی سے ناکام نظر آرہی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -