پی ٹی آئی نے انتخابا ت میں آرٹی ایس کی خرابی کے خلاف سینیٹ میں توجہ دلاو نوٹس جمع کرا دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)عام انتخابا ت کے دوران آرٹی ایس کی خرابی کے خلاف سینیٹ اجلاس میں توجہ دلاو نوٹس جمع کرا دیا گیا۔جس میں پوچھا گیا ہے کہ انتخابات میں آرٹی ایس کیسے بیٹھ گیا؟ توجہ دلاو نوٹس تحریک انصاف کے سینیٹراعظم سواتی نے پیش کیا۔
سینیٹ میں توجہ دلاو نوٹس جمع کراتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیٹراعظم سواتی نے موقف اپنایا کہ آرایم ایس،آرٹی ایس معاملہ الیکشن کمیشن اورنادراایک دوسرے پرڈال رہے ہیں۔ اعظم سواتی کی رپورٹ پیش کرنے کے دوران سینیٹرمشاہداللہ نے ایوان میں شورشرابا کیااور مشاہداللہ کونکتہ اعتراض پربات نہ کرنے دینے پراپوزیشن نے واک آوٹ بھی کیا۔رضاربانی کا کہنا تھا کہ آر ٹی ایس معاملے پرپارلیمانی کمیشن بنایاجائے،آرٹی ایس پرپوراایوان بحث کرناچاہتا ہے، حکومتی کمیٹی محض آنکھوں میں مٹی ڈالنے کیلئے ہے۔جس پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے حق میں ہیں،دودھ کادودھ اورپانی کاپانی ہوناچاہئے، ایف آئی اے کے سائبرکرائم ونگ سے تحقیقات کرالیتے ہیں۔سینیٹ اجلاس میں کورم پورانہ ہوسکا جس پر اپوزیشن کی جانب سے دوبارہ واک آﺅٹ کیا گیاجس کے بعد سینیٹ اجلاس جمعرات کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔