مقبوضہ کشمیر،بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا اعتراف کرے:ہیومین رائٹس واچ

29 اگست 2018 (23:08)

سری نگر(آئی این پی )انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی جنوبی ایشیا کے لئے ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا بھارت اعتراف کرے، کشمیریوں کے مفادات کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق کشمیری میڈیا سیل نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی جنوبی ایشیا کیلئے ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے بھارتی حکمرانوں سے کہا ہے کہ وہ اس حقیقت کا اعتراف کریں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں مسلسل جاری ہیں اور انھیں کشمیریوں کے مفادات کے تحفظ کیلیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ہمسایہ ملکوں کے لیڈر اس بات کا احساس کریں کہ کشمیری ایک متنازع علاقے میں رہ رہے ہیں اور انھیں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سامنا ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ دفعہ 35 اے کا دفاع کرنے والی جماعتوں کو بھارتی سپریم کورٹ میں اس نکتے پر زور دینا چاہیے کہ جموں و کشمیرکا آئین بھارتی آئین کے ماتحت نہیں ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس پر بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر قابض حکام نے جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں کی چھٹیوں پر پابندی لگا دی ہے۔

مزیدخبریں