گومل زام ڈیم، اربوں کے شروع کردہ منصوبہ ابھی تک التواء کا شکار 

Aug 29, 2019


ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ 2014 میں حکومت خیبرپختونخواہ و یو ایس ایڈ کی مشترکہ کاوش سے 4 ارب روپے سے شروع کیا گیا مگر عرصہ 5 سال گزرنے کے باوجود بھی تاحال منصوبہ التواء کا شکار ہے، 393 کھالوں میں سے صرف 40 کھالیں جزوی مکمل ہوئی ہیں اور 7 کھالوں پر مکمل ادائیگی کی گئی ہے۔ یہ نہ صرف پراجیکٹ ڈائریکٹر زبیر احمد کی نااہلی کا ثبوت ہے بلکہ علاقہ دامان، ٹانک، کلاچی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے غریب کسانوں کو بھی محروم کیا گیا ہے۔ 191393 ایکڑز میں جو کہ ابھی تک سیراب نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی شیخ محمد یعقوب نے کمشنر آفس میں گومل زیم ڈیم کمانڈ ایریا پراجیکٹ کے افسران معززین علاقہ انعام اللہ خان گنڈہ پور وغیرہ ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ، ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ ولا ئیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ سوشل موبلایزیشن اینڈ کیپسٹی بلڈنگ (سی ڈی آئی) کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں اظہار کیا جو کہ خاص طور پر گومل زام ڈیم کمانڈ ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کی پراگریس اور مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے خصوصی طور پر اعلیٰ سطح کا اجلاس پہلی بار بلایا گیا تھا۔ شیخ یعقوب نے پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر زبیر احمد کی اجلاس میں غیر حاضری کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ اس اہم میٹنگ میں پراجیکٹ ڈائریکٹر کی غیر حاضری پراجیکٹ سے عدم دلچسپی اور نااہلی کا ثبوت ہیں اور پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر زبیر احمد کو اس حرکت پر تبدیل کیا جائے اور کسی اہل شخص کو اس کلیدی عہدے پر فائز کرکے پراجیکٹ کو کامیاب کیا جائے گا۔ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان جاوید مروت نے حکم دیا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر و متعلقہ افسران رپورٹ پیش کریں اور پراجیکٹ کی بحوالہ تکمیل تعمیر 393 کھالوں کے وقت کا تعین کریں کہ کب تک مکمل کی جائے گی۔ بصورت دیگر تمام ملازمین کے خلاف انکوائری کی جائے گی۔ شیخ یعقوب نے تالابوں کی تعمیر، زمین کی کمپیوٹرائزڈ ہمواری PPL ہائی ایریگیشن سسٹم، ماڈل فارمنگ اور جانوروں کی فراہمی کے متعلق بھی ہدایات جاری کیں جو کہ اس پراجیکٹ کا حصہ ہے۔ تکمیل پراجیکٹ کی تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا جائے کہ کب تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں خود اس پراجیکٹ کی نگرانی کرونگا تاکہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے اور علاقہ دامان کے کسانوں تک جلد از جلد پانی کو پہنچایا جا سکے۔نثار احمد کمپوننٹ لیڈر CAD+OFWM نے اس بات کا اقرار کیا کہ ہم بنیادی طور پر پراجیکٹ کو کامیاب کرنے میں ناکام اور فلاب ہو چکے ہیں اور موجودہ ٹھیکیدار اس اہل نہیں ہیں کہ وہ وقت مقررہ پر 393 کھالوں کی تعمیر کر سکیں۔ منیر احمد مانیٹرنگ آفیسر نے کہا کہ halcrow کنسلٹنٹ کی مانیٹر نگ ٹیم جو کہ ناجائز قسم کے اعتراضات کرکے پراجیکٹ کو تاخیری سطح تک پہنچانے کے ذمہ دار یں۔ شیخ یعقوب نے کہاکہ جو ٹھیکیدار کام نہیں کرتے اس کو فارغ کیا جائے اور اس بات کا حل تلاش کیا جائے کہ پراجیکٹ کو جلد از جلد کیسے تکمیل تک پہنچایا جائے نیز Halcrow Pk اگر علاقہ کی ترقی کی راہ میں رکاؤٹ ہے تو پھرHalcrow کو بھی فارغ کیا جائے۔ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان جاوید مروت نے حکم جاری کیا کہ ان وجوہات کا پتہ چلایا جائے جس کی وجہ سے پراجیکٹ پر کام کی رفتار سست روی کا شکار ہے۔ مزید یہ کہ صوبائی سطح پر اگلی میٹنگ جس میں ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ، واپڈا، محکمہ زراعت، سیکرٹری محکمہ زراعت ایڈیشنل سیکرٹری و متعلقہ صوبائی وزیر موجود ہوں گے تو اس میں فیصلہ کیا جائے کہ پراجیکٹ کی سمت صحیح کرنے کیلئے انتہائی اہم فیصلے اور اقدامات کے ذریعے جلد از جلد پراجیکٹ کی تکمیل کیا جائے اور مستند لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ سوشل موبلائزیشن اینڈ کیپسٹی بلڈنگ کنسلٹ CDI کے کام کو سراہتے ہوئے ایم این اے شیخ یعقوب اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان جاوید مروت نے حکم جاری کیا کہ اگلے ہفتے سے کسانوں کی تربیت کا پروگرام شروع کیا جائے تاکہ کسانوں میں شعور بیدار ہو۔

مزیدخبریں