رزمک ہسپتال میں زندگی بچانے والی ادویات فراہم کردی گئی 

رزمک ہسپتال میں زندگی بچانے والی ادویات فراہم کردی گئی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر رزمک قبائلی ضلع شمالی وزیرستان صاحبزادہ سمیع اللہ کی کوششوں سے سول ہسپتال رزمک کو زندگی بچانے والی ضروری ادویات کی بڑی مقدار فراہم کردی گئی ہے جس سے عوام کو مقامی ہسپتال میں اہم ادویات فراہم ہوگی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان عبدالناصر خان کی ہدایت پر بدھ کے روزسول ہسپتال رزمک میں باقاعدہ ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر رزمک نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال رزمک ڈاکٹر محمد صادق کو ضروری ادویات کی ایک بڑ ی مقدار حوالہ کی۔ اس موقع پرعمائدین علاقہ،ملکان اورمتعلقہ طبی عملہ موجود تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 5ماہ سے مذکورہ ہسپتال میں ضروری ادویات کی شدید کمی تھی جس کی وجہ سے مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں کو ریفر کیاجاتاتھا۔ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شمالی وزیر ستان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہا اوراس کی بھرپورکوششوں سے آج زندگی بچانے والی اہم ادویات ہسپتال کو فراہم کردی گئی۔سول ہسپتال رزمک میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے باقاعدہ لائحہ عمل بھی تیار کیاگیا۔اسسٹنٹ کمشنر کا اس موقع پر کہناتھا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پُر عزم ہے اوراس سلسلے میں تمام طبی اداروں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا ہے اوراپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔