پیر افضل قادری کی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت میں 11 ستمبر تک توسیع
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے تحریک لبیک کے سابق راہنما پیر افضل قادری کی طبی بنیادوں پرعبوری ضمانت میں 11 ستمبر تک توسیع کر دی۔جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ نے ان کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے دوسرے بنچ کو بھجوانے کی سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس کو بھیج دی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار متعدد موذی امراض میں مبتلا ہیں،آسیہ بی بی سے متعلق عدالتی فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے خادم رضوی کے ایماء پر سڑکیں زبردستی بند کرکے شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد گیا، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ مولانا خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری، مولانافضل الرحمان سمت دیگر پر ریاست مخالف تقاریر کرنے کا الزام عائد کیا ہے،عدلیہ کے فیصلے کو جواز بنا کر صوبہ بھر میں روڈز بلاک کرنے اور شہری املاک کو نقصان پہنچانے کر الزامات لگائے گئے، درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ 3 روز تک سڑکوں کی بندش کرکے آئین کومعطل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا گیا،سڑکوں کی بندش سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا،وکیل نے استدعا کی کہ پیر افضل قادری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کی جائے،لاہور ہائی کورٹ میں پیر افضل قادری کی پیشی کے موقع پر پولیس سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے،یادرہے کہ عدالت عالیہ عیدالفطر سے قبل پیر افضل قادری کی عبوری ضمانت منظور کرچکی ہے،جس کی توثیق کے لئے یہ کیس زیرسماعت ہے۔
پیر افضل قادری