مقبوضہ وادی آتش فشاں کے مترادف،پھٹنے کو تیار،عالمی میڈیا
لندن،نئی دہلی،سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی میڈیا نے مقبوضہ وادی کی صورتحال کوآتش فشاں کے مترادف قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ آتش فشاں پھٹنے کو تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار دی گارڈین نے مودی سرکار کے مظالم بے نقاب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارتی فوج چادراور چارد یواری کا تقدس پامال کرنے لگی۔ نوجوان نہ ملنے پر اس کے والد کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔ گرفتار افراد کو لکھنو، بریلی اور آگرہ کی جیلوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر ایسے آتش فشاں کا منظر پیش کر رہا ہے جو کبھی بھی پھٹ سکتا ہے۔گرفتاریوں نے کشمیری خاندانوں کی زندگی تباہ کر دی ہیں۔ جیل کے گیٹ پر بچوں سے ملنے کیلئے آئے والدین کی لمبی قطاریں ہوتی ہیں۔ جیل میں داخلے کیلئے ملنے والوں کے بازو پر خفیہ کوڈ کی مہر لگائی جاتی ہے، ایک ماں کے ہاتھ پر شتر مرغ اور مگرمچھ کی مہر دیکھی۔معروف بھارتی صحافی برکھا دت نے بھی کشمیریوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ وادی میں کمیونی کیشن بلیک آؤٹ کی وجہ سے کشمیری اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لیے بے تاب ہیں،سرینگر کے دورے کے دوران وہ انتظامیہ سے گرفتار افراد کی تعداد کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتی رہیں۔ گرفتار افراد کی تعداد کا بھی علم نہیں ہے۔ مقبوضہ وادی میں صورتحال روز بروز ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیریوں نے عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی گرفتاری کو ان کے منہ پر بھارتی طمانچہ قرار دیا۔بھارتی صحافی برکھا دت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اس وقت پریشر کْکر جیسی ہے۔
عالمی میڈیا